فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سرکل آفیسر اینٹی کرپشن رانا راشد نے سپیشل مجسٹریٹ آصف اقبال کے ہمراہ کامیاب چھاپہ مار کر ڈی ایس پی سول لائن کے ریڈر اختر کو 15ہزار روپے رشوت لینے کے الزام میں گرفتار کر لیا۔ تفصیل کے مطابق شہری وقار احمد خان نے اینٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ کو دی جانے والی درخواست میں بتایا کہ ڈی ایس پی سول لائن غلام شبیر کا ریڈر ہیڈ کانسٹیبل اختر علی ایک رپورٹ بنانے کے عوض 15ہزار روپے رشوت مانگ رہا ہے جبکہ رشوت نہ دینا چاہتا ہے۔ جس پر سرکل اینٹی کرپشن رانا راشد نے اپنی ٹیم اور سپیشل مجسٹریٹ آصف اقبال کے ہمراہ کامیاب چھاپہ مار کر ڈی ایس پی سول لائن کے ریڈر اختر علی کو گرفتار کر لیا اور اس کی الماری سے رشوت کی مد میں وصول کیے جانے والے 15ہزار روپے کے نشان زدہ نوٹ برآمد کر کے اس کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔




