MBBS اورBDSمیں داخلوں کی پالیسی کا اعلان

لاہور (بیوروچیف) پنجاب کے سرکاری اور نجی میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں تعلیمی سیشن 2026-27 کے لیے ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس میں داخلوں کی پالیسی جاری کر دی گئی ہے۔ تعلیمی سیشن2026-27 کے لیے ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس میں داخلے یو ایچ ایس کرے گی، میڈیکل اور ڈینٹل کالجزمیں داخلے کے لیے ایم ڈی کیٹ پاس کرنا لازمی قرار دیدی گئی۔داخلوں کے میرٹ میں ایم ڈی کیٹ کے 50، ایف ایس سی کے 40اورمیٹرک کے 10فیصد نمبر شامل ہوں گے، ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس میں داخلے کے لیے ایف ایس سی میں کم از کم 60فیصد نمبر لازمی ہے۔داخلہ پالیسی کے مطابق بائیولوجی اور کیمسٹری لازمی جبکہ فزکس یا میتھمیٹکس میں سے ایک مضمون پاس کرنا ضروری ہے، سرکاری میڈیکل کالجز میں درخواست دینے والے امیدواروں کے لیے تمام کالجز کی ترجیحات درج کرنا لازمی ہے۔ نجی میڈیکل کالجز میں ترجیحات کی تعداد پر کوئی پابندی نہیں ہوگی، منتخب امیدواروں کو میرٹ لسٹ جاری ہونے کے بعد تین ورکنگ دنوں میں فیس جمع کرانا ہوگی۔ سرکاری میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں اوپن میرٹ پر سالانہ ٹیوشن فیس50 ہزار روپے مقرر کردی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں