PFAکا چھاپہ،غیر معیاری پانی بوتلوں میں بھر کا سپلائی کرنیوالا گرفتار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے قصبہ تاندلیانوالہ میں کامیاب چھاپہ مار کر غیر معیاری پانی بوتلوں میں بھر کر فروخت کرنے والے کو گرفتار کر لیا اور بھاری مقدار میں جعلی پانی سے بھری بوتلوں کو قبضہ میں لیکر تلف کر دیا۔ تفصیل کے مطابق فوڈ سیفٹی آفیسر عظیم جبران گل نے اپنی ٹیم کے ہمراہ قصبہ تاندلیانوالہ میں پینے کا شفاف پانی فروخت کرنے والے اویس خالد کے یونٹ پر چھاپہ مارا تو وہاں پر بڑے پیمانے پر غیر معیاری پانی بوتلوں میں بھر کر اور مختلف کمپنیوں کے سٹیکر لگا کر مختلف علاقوں میں سپلائی کیا جاتا تھا، فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے سینکڑوں جعلی اور غیر معیاری پانی سے بھری بوتلوں کو قبضہ میں لیکر تلف کر دیا اور یونٹ کو سیل کر کے مالک اویس خالد کو حوالہ پولیس کر دیا۔ فوڈ سیفٹی آفیسر عظیم جبران نے کہا کہ انسانی صحت سے کھیلنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں اور ان کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہینگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں