PHPکی سال2024کی رپورٹ جاری،6537اشتہاری مجرمان،عدالتی مفروران گرفتار

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) پنجاب ہائی وے پٹرول نے 2024کی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی۔ تفصیلات کے مطابق سال 2024میں پنجاب بھر میں پی ایچ پی نے شاہرات پر بذریعہ ای پولیس پوسٹ ایپ 31.4 ملین افراد کی چیکنگ کی اور 6537اشتہاری مجرمان/عدالتی مفروران کو گرفتار کیا۔ پنجاب ہائی وے پٹرول نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے 18.8ملین گاڑیوں کو چیک کیا اور 3350 چوری شدہ گاڑیاں/موٹر سائیکلز بھی برآمد کیں۔ ایکسل لوڈ کی خلاف ورزی پر 8لاکھ 69ہزار اوور لوڈڈ گاڑیوں کے خلاف قانونی کاروائی کی گئی۔ گیس سلنڈر کے غیر قانونی استعمال پر پنجاب بھر میں 12ہزار سے زائد گاڑیوں کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی۔ شہریوں کی سہولت کے پیشِ نظر گزشتہ سال پی ایچ پی نے ایک لاکھ 48ہزار ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے۔ 678گمشدہ بچوں کو ان کے والدین سے ملوایا گیا۔ 5005عارضی و مستقل تجاوزات کو ختم کر کے ٹریفک کے بہائو کو بہتر بنایا گیا۔ پنجاب بھر کی شاہرات پر مشکلات کا شکار ایک لاکھ 12ہزار سے زائد مسافروں کو مختلف نوعیت کی مدد و راہنمائی فراہم کی گئی۔ پولیس خدمت مراکزپر ایک لاکھ 19ہزار شہریوں کو مختلف نوعیت کی مدد و راہنمائی فراہم کی گئی۔ ناجائز اسلحہ کے استعمال پر 1093مقدمات درج کروائے گئے۔ منشیات فروشوں سے 20925 لیٹر شراب’ 400کلوگرام چرس’ 53کلوگرام افیون اور ساڑھے پانچ کلوگرام ہیروئن برآمد کی گئی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے بہترین کارکردگی پر پی ایچ پی کو شاباش۔ ٹریفک کی روانی، شہریوں کی خدمت و حفاظت کی لیے بھر پور محنت اور خلوص نیت سے فرائض سر انجام دیے جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں