جڑانوالہ (نامہ نگار) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر چیئرپرسن وزیراعلی انسپکشن، سرویلنس و مانیٹرنگ بریگیڈیئر (ر) بابر علائوالدین (ستارہ امتیاز ملٹری) نے جڑانوالہ کا دورہ کیا اور مختلف سرکاری اداروں میں پبلک سروس ڈیلیوری کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے دوران بریگیڈیئر (ر) بابر علائوالدین نے ٹی ایچ کیو ہسپتال جڑانوالہ میں طبی سہولیات کا معائنہ کیا، جہاں گائناکالوجسٹ، چائلڈ اسپیشلسٹ، ریڈیالوجسٹ اور ایکسرے مشین اٹینڈنٹ کی غیر موجودگی پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا۔ اس کے علاوہ ہسپتال میں واش رومز کی ناقص صفائی اور لائٹوں کی خرابی پر بھی برہمی کا اظہار کیا گیا۔ انہوں نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو فوری اصلاحی اقدامات کی ہدایت کی۔چیئرپرسن نے اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ کے دفتر میں پرائس کنٹرول، تجاوزات کے خلاف آپریشن اور بیوٹیفکیشن پلان کا بھی جائزہ لیا اور افسران کو پبلک سروس ڈیلیوری میں بہتری کے لئے عملی اقدامات کی ہدایت دی۔اس موقع پر بریگیڈیئر (ر) بابر علائوالدین نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر مختلف اضلاع کے دورے کر رہا ہوں اور پبلک سروس ڈیلیوری میں بہتری ہماری اولین ترجیح ہے۔




