9

ٹیکسٹائل برآمدات میں اضافہ کا خیرمقدم (اداریہ)

وزیراعظم شہباز شریف نے ٹیکسٹائل سیکٹر کی برآمدات میں 9.38 فی صد اضافے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے پاکستانی معیشت کیلئے مثبت پیش رفت قرار دیا ہے پاکستانی ٹیکسٹائل سیکٹر نے ایک اور سنگ میل عبور کر لیا ہے اور جولائی 2024ء سے مارچ 2025ء کے دوران برآمدات میں 9.38 فیصد اضافے کے ساتھ 13.613 ارب ڈالر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔ اس نمایاں کامیابی پر وزیراعظم شہباز شریف نے ٹیکسٹائل انڈسٹری اور نجی شعبے کو خراج تحسین پیش کیا ہے صرف مارچ 2025ء میں برآمدات میں 6.27 فی صد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جو نہ صرف حکومتی معاشی پالیسیوں کی درست سمت کا ثبوت ہے بلکہ پاکستانی معیشت کی مضبوطی اور عالمی منڈیوں میں مصنوعات کی مانگ میں اضافے کا بھی مظہر ہے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ برآمدات میں بتدریج اضافہ اور دیگر مثبت معاشی اعشاریے حکومت اور نجی شعبے کے درمیان قریبی تعاون اور مسلسل محنت کا نتیجہ ہیں انہوں نے واضح کہا کہ حکومت اپنے تمام اقدامات جاری رکھے گی جو کاروباری دوست ماحول پیدا کریں اور برآمدات میں مسلسل بہتری لائی جا سکے وزیراعظم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ حکومت ملکی برآمدات کو مستحکم بنیادوں پر استوار کرنے کیلئے نہ صرف پالیسی سازی کر رہی ہے بلکہ کاروباری برادری کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کیلئے بھی پُرعزم ہے شہباز شریف نے کہا کہ ہماری ٹیم دن رات اس کوشش میں ہے کہ پاکستان کو اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن رکھا جا سکے تاکہ روزگار’ سرمایہ کاری اور برآمدات’ تینوں میں توازن کے ساتھ اضافہ ہو،، پاکستانی ٹیکسٹائل سیکٹر کی برآمدات میں 9.38 فی صد اضافہ خوش آئند ہے اس سے ملکی معیشت کو سنبھالا حاصل ہو گا گزشتہ سال جولائی 2024ء سے موجودہ سال 2025ء کے ماہ مارچ کے دوران پاکستانی ٹیکسٹائل کی برآمدات 13.613 ارب ڈالر کی بلند ترین سطح تک پہنچ چکی ہیں جو بہت بڑا کارنامہ قرار دیا جا رہا ہے وزیراعظم شہبازشریف نے ٹیکسٹائل برآمدات میں اضافہ کا خیرمقدم کیا ہے اور برآمدکنندگان کی حوصلہ افزائی جاری رکھنے کا عزم کیا ہے بلاشبہ اس کامیابی میں حکومتی پالیسیوں کا ہاتھ ہے برآمدات میں اضافہ سے ملک میں خوشحالی ہو گی معیشت میں استحکام آئے گی حکومت ٹیکسٹائل انڈسٹری سمیت دیگر نجی شعبوں کیلئے بھی کاروباری دوست ماحول پیدا کرنے کیلئے کوشاں ہے تاکہ برآمدات میں مسلسل بہتری لائی جا سکے حکومت ملکی برآمدات کو مستحکم بنیادوں پر استوار کرنے کیلئے پالیسیاں بنا رہی ہے جسکی بدولت ملکی برآمدات تیزی سے بڑھ رہی ہیں، ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے بھی حکومتی کوششوں کے اچھے نتائج حاصل ہوئے ہیں ان دنوں متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم عبداﷲ بن زید النہیان نے وزیراعظم شہباز شریف’ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے اہم ملاقاتیں کیں جن میں دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے پر زور دیا گیا وزیراعظم شہباز شریف نے تجارت’ سرمایہ کاری’ توانائی عوامی روابط میں تعاون بڑھانے پر بھی زور دیا اس موقع پر پاکستان اور امارات کے درمیان مشترکہ بزنس کونسل کے قیام سمیت متعدد مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے، متحدہ عرب امارات پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار اور ترسیلات زر کا بڑا ذریعہ ہے امارات میں بڑی تعداد میں پاکستانیز روزگار کے حصول کے سلسلہ میں مقیم ہیں اور وہاں سے اپنے ملک میں قیمتی زرمبادلہ بھیجتے ہیں وزیراعظم شہباز شریف نے اقتدار سنبھالنے کے بعد سب سے زیادہ توجہ معاشی استحکام پر دی پے درپے خلیجی ممالک چائنہ اور ترکیہ کے دوروں کیدوران وہ ان ممالک کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے راغب کرنے کیلئے کوشاں رہے ان کی دعوت پر ان ممالک کی جانب سے سرکاری اورغیر سرکاری سطح پر پاکستان میں سرمایہ کاری کے معاہدے ہوئے جبکہ وزیراعظم نے اپنی کوششیں جاری رکھی ہوئی ہیں امید ہے کہ پاکستان وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں معاشی بحران پر نہ صرف قابو پانے میں کامیاب ہو گا بلکہ آئندہ عالمی مالیاتی اداروں پر قرض کے حوالے سے کم سے کم انحصار کرے گا قوم کی نظریں حکومت پر لگی ہوئی ہیں ٹیکسٹائل سیکٹر کی برآمدات میں اضافہ پر خیرمقدم کیا جا رہا ہے قوم کو امید ہے کہ ٹیکسٹائل’ ہوزری گارمنٹس’ سرجیکل آلات’ سپورٹس’ زرعی آلات سیکٹر اپنی مصنوعات کی برآمدات میں بھی اضافہ کر کے ملکی معیشت کو استحکام دینے کیلئے اپنا کردار ادا کرے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں