اسحاق ڈار سے صدر عالمی ریسکیو کمیٹی کی ملاقات

اسلام آباد (بیورو چیف)نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈیوڈ ملی بینڈ نے ملاقات کی۔وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق ملاقات میں پاکستان میں ادارے کی سرگرمیوں، انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد اور علاقائی و عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان نے بتایا کہ ڈیوڈ ملی بینڈ نے نائب وزیراعظم کو پاکستان میں انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی کی جاری سرگرمیوں اور منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی، اس موقع پر اسحاق ڈار نے پاکستان کے ساتھ ادارے کی دیرینہ شراکت داری اور انسانی ہمدردی کے تحت فراہم کی جانے والی امداد کو سراہا۔دوسری جانب نائب وزیراعظم نے موسمیاتی تبدیلی کے باعث پیدا ہونے والے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عالمی تعاون کو مسلسل جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا اور پاکستان میں انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی کی سرگرمیوں کے تسلسل کا خیرمقدم کیا۔ملاقات میں دونوں رہنماں نے علاقائی اور عالمی صورتحال، بالخصوص دنیا بھر میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کی موجودہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں