پرایا(سپورٹس نیوز)فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو نے نوجوان افریقی فٹ بالرز کو عالمی سطح پر صلاحیتوں کے اظہار کے زیادہ مواقع فراہم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کا مستقبل ان کی جائے پیدائش تک محدود نہیں ہونا چاہیے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق کیپ وردی کے جزیرے سال میں افریقی فٹ بال کنفیڈریشن کی حکمت عملی کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جیانی انفینٹینو نے کہا کہ افریقی کھلاڑیوں کی صلاحیتوں نے عالمی فٹ بال پر گہرے اثرات مرتب کیے ہیں اور ان صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کے لیے مؤثر مواقع فراہم کرنا ضروری ہے۔انہوں نے بتایا کہ فیفا نے گزشتہ 10 برس کے دوران اپنے ترقیاتی پروگرام کے تحت افریقی فٹ بال کے لیے تقریباً ایک ارب امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔ انہوں نے عالمی کپ میں کیپ وردی کی قومی ٹیم، جسے بلیو شارکس کے نام سے جانا جاتا ہے کے جذبے اور ثابت قدمی کو بھی سراہا۔افریقی فٹ بال کنفیڈریشن کے صدر پیٹریس نے کہا کہ فٹ بال کی ترقی کے لیے قومی فٹ بال ایسوسی ایشنز، حکومتوں اور کھیلوں کی وزارتوں کے درمیان تعاون ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں کنفیڈریشن کی 54 رکن ایسوسی ایشنز کو اپنے مسائل، کامیابیوں اور بہتری کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کا موقع ملے گا۔کیپ وردی فٹ بال فیڈریشن کے صدر ماریو سیمیڈو نے کانفرنس کی میزبانی کو ملک میں فٹ بال کی ترقی کے لیے بین الاقوامی اعتراف قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے کیپ وردی کو سیاحتی مقام اور بین الاقوامی تقریبات کے میزبان کے طور پر متعارف کرانے میں بھی مدد ملے گی۔7 اکتوبر سے شروع ہونے والی اس کانفرنس میں افریقی فٹ بال کنفیڈریشن کی 54 رکن ایسوسی ایشنز کے سربراہان، علاقائی عہدیداران، قومی ٹیموں کے کوچز اور بین الاقوامی ماہرین شریک ہوئے۔ کانفرنس میں 2026 کے عالمی کپ میں افریقی ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لینے اور 2030 کے عالمی کپ کی تیاریوں کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔




