لاہور (بیوروچیف)گورنرپنجاب سردار سلیم حیدرخان نے کہا ہے کہ کربلا میں اہل بیت کی عظیم قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، امام حسین کافلسفہ شہادت باطل کے خلاف ڈٹ جانے کا نام ہے،ملک میں فرقہ واریت کے خاتمے کے لئے علما اکرام کا کردار اہم ہے۔ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے اسلام آباد کی مرکزی امام بارگاہ جی 6/2 کے دورہ کے دوران شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا.۔ اس موقع پرگورنرپنجاب نے امام بارگاہ کی سکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لیا اور مجلس میں شرکت بھی کی۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ واقعہ کربلا تاریخ اسلام کا ہی نہیں بلکہ تاریخ انسانی کا وہ درخشندہ باب ہے جسے حضرت امام حسین اور ان کے ساتھیوں نے بے مثل عزم اور لافانی شہادتوں سے رقم کیا۔ کربلا میں صبر،قربانی اور استقامت کی مثال قائم کی گئی جسے رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ امام حسین کا فلسفہ شہادت انسانیت کی سچائی، صبرو انصاف کی سربلند اورباطل کے خلاف ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام کا پیغام کسی ایک مسلک یا گروہ کے لیے نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لیے ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ کربلا کے بعد دو ہی فرقے بچے ہیں ایک حسینی اوردوسرایزیدی۔اُنہوں نے کہا کہ ہمیں فخر ہوناچاہئے کہ ہم حسینی ہیں۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ ہمیں اپنے ملک سے فرقہ واریت کی آگ کو نکالنا ہوگا۔اُنہوں نے کہا کہ تمام علماء کرام کو چاہیئے کہ دس محرم الحرام کے موقع پر امن و امان قائم رکھنے کے لیے اپنا بھر پورکردار اداکریں۔




