اندھا قتل ٹریس،تاجر سے40لاکھ بھتہ مانگنے والے 2ملزم گرفتار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) مدینہ ٹائون پولیس نے اندھے قتل کا سراغ لگا لیا جبکہ ستیانہ پولیس نے تاجر سے 40لاکھ بھتہ مانگنے والے دو ملزمان کو گرفتار کر کے بازپرس شروع کر دی۔ تفصیل کے مطابق 16جولائی کو مدینہ ٹائون کے علاقہ غوثیہ روڈ پر ساحل ماربل فیکٹری سے35 سالہ شخص کی ڈیڈباڈی ملی تھی جس کے جسم اور چہرے پر تشدد کے نشانات تھے۔ ایس ایچ او تھانہ مدینہ ٹائون عدیل اکرم چیمہ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ جدید وسائل اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے دو نشئی ملزمان روحیل اور عظیم کو حراست میں لیکر بازپرس کی تو انہوں نے اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی سرراہ خالد سے تلخ کلامی ہوئی تھی۔ جس پر انہوں نے خالد کو تشدد کا نشانہ بنا کر مار ڈالا اور نعش ماربل فیکٹری کے پیچھے پھینک کر فرار ہو گئے تھے۔ جس پر مدینہ ٹائون پولیس نے اندھے قتل کو ٹریس کرتے ہوئے ملزمان کو شامل تفتیش کر لیا جبکہ تھانہ ستیانہ کے علاقہ 89 گ ب میں 9جون کو آتش اسلحہ سے لیس وقاص وغیرہ نے کپڑے کے تاجر اور محمود گارڈن فیز ٹو کے مالک محمد وقار کے پاس دفتر آئے، اس کے بھائی حافظ احسن الیاس سے 40لاکھ بھتہ کا مطالبہ کیا۔ رقم ادا نہ کرنے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دی تھی جس پر ایس ایچ او تھانہ ستیانہ غلام عباس شاہ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ٹیکنیکل وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے مختلف مقامات پر چھاپے مار کر دو بھتہ خور ملزمان وقاص اور سلمان کو گرفتار کر کے شامل تفتیش کر لیا۔ سی پی او تنویر حسین نے ایس ایچ او مدینہ ٹائون عدیل اکرم چیمہ کو اندھا قتل ٹریس کرنے اور ایس ایچ او تھانہ ستیانہ غلام عباس شاہ اور ان کی ٹیم کو بھتہ خور ملزمان کو گرفتار کرنے پر شاباش دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھتہ خور اور خوف وہراس پھیلانے والوں کی فیصل آباد میں کوئی جگہ نہیں۔ عوام کے جان ومال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں