فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے) محمد آصف چوہدری نے انسدادِ ڈینگی اقدامات کے سلسلے میں سرویلنس سرگرمیوں کو دوگنا کرنے کا حکم دیا ہے اور متعلقہ سٹاف کو ہدایت کی ہے کہ وہ پہلے سے زیادہ متحرک اور فعال ہو کر ڈینگی لاروا کی افزائش کے ممکنہ ذرائع کی بروقت نشاندہی اور موثر تدارک یقینی بنائیں، تاکہ رواں موسم میں ڈینگی مچھر کے ممکنہ پھیلا کو موثر انداز میں روکا جا سکے۔ انہوں نے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند کو خصوصی ٹاسک تفویض کرتے ہوئے ہدایت کی کہ انسدادِ ڈینگی مہم کو نتیجہ خیز بنانے کے لئے سرویلنس سٹاف کی کارکردگی کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کی جائے اور فرائض میں غفلت یا کوتاہی برتنے والے اہلکاروں سے بازپرس کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لئے محض روایتی اقدامات کافی نہیں بلکہ مسلسل نگرانی، فوری کارروائی اور ذمہ دارانہ طرزِ عمل ناگزیر ہے۔ڈائریکٹر جنرل کی ہدایات پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند نے فوری طور پر ایک ہنگامی اجلاس منعقد کرکے انسدادِ ڈینگی سرویلنس سٹاف کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ٹان پلاننگ ٹو اسما محسن، فوکل پرسن انسدادِ ڈینگی/اسسٹنٹ ڈائریکٹر آئی ٹی عثمان رامے، دیگر متعلقہ افسران اور بلڈنگ انسپکٹرز نے شرکت کی۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند نے کہا کہ انسدادِ ڈینگی مہم کے حوالے سے حکومت پنجاب کی قائمہ ہدایات پر ذمہ دارانہ اور موثر عملدرآمد انتہائی ضروری ہے، کیونکہ بارشوں کے موسم میں ڈینگی لاروا کی افزائش کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاروا کی افزائش کے ممکنہ مقامات کی بروقت نشاندہی اور تدارک ڈینگی کے پھیلا کو روکنے کے لئے بنیادی اہمیت رکھتا ہے، لہذا کسی بھی سطح پر غفلت یا سستی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ایف ڈی اے کمپلیکس اور تمام ذیلی دفاتر کی عمارتوں، چھتوں، لانز، پارکنگ ایریاز، گملوں، کولرز، ڈرینج پوائنٹس اور دیگر ممکنہ مقامات کی باقاعدگی سے نگرانی کی جائے۔




