فیصل آباد ( سٹاف رپورٹر) ایف بی آر کی طرف سے تاجروں کیلئے آسان ٹیکس سکیم کیلئے آگاہی مہم کا آغاز کردیا گیا، اس سلسلہ میں ڈویژنل کمشنرFBRتوقیر احمد، ایڈیشنل کمشنر FBRبلال احمد کی انجمن تاجران سٹی رجسٹرڈ فیصل آباد (سکا گروپ) کی دعوت پر چوک گھنٹہ گھر خصوصی آمد، سرپرست اعلیٰ مرکزی تنظیم تاجرا ن پاکستان وصدر انجمن تاجران سٹی رجسٹرڈ فیصل آباد خواجہ شاہدر زاق سکا نے اس استقبال کیا، ان کے ہمراہ ایف بی آر کے نمائندہ امجد لطیف، سفیان علی خان، محمد بلال، ایم احسن لطیف بھی موجود تھے۔ تاجر رہنمائوں میں جنرل سیکرٹری انجمن تاجران سٹی رجسٹرڈ فیصل آباد شیخ سعید احمد، ڈپٹی جنرل سیکرٹری میاں ریاض شاہد، فنانس سیکرٹری چوہدری اعجاز احمد، چوہدری لطیف سیال، پروفیشنل فوٹوگرافر ایسوسی ایشن کے صدر محمد احمد، صدر جناح کالونی خواجہ شجاع الدین ودیگر تاجر رہنمائوں نے شرکت کی۔ ڈویژنل کمشنر FBRتوقیر احمد نے اس موقع پر تاجر نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایف بی آر کی خصوصی ٹیکس اسکیم کی آگاہی کا مقصد تاجروں وعوام تک پیغام پہنچانا ہے زیادہ سے زیادہ تاجر ،دوکاندار آسان ٹیکس سکیم سے فائدہ اٹھا سکیں،جس میں سالانہ سیل کا صرف 1فیصد ٹیکس، کم از کم قابل ادائیگی ٹیکس صرف 25,000روپے ، اردو اور علاقائی زبانوں میں ایک صفحے کا سادہ فارم، FBRویب سائیٹ ،موبائل ایپ یا قریبی ٹیکس آفس کے ذریعے آسان فائلنگ، اہل دوکانداروں کو POSاور ڈیجیٹل انوائسنگ کی ضرورت نہیں ہوگی، عمومی آڈٹ سے تحفظ ،ود ہولڈنگ ایجنٹ بننے کی ذمہ داری ختم،انہوں نے مزید بتایا کہ قواعد کی پابند دکان پر QRکوڈ والی گرین پلیٹ آویزاں کی جائیگی اور ٹیکس اہلکاروں کی انسپکشن سے تحفظ ملے گا۔ خواجہ شاہد رزاق سکا نے FBRکی آسان ٹیکس سکیم کو سراہا اور تاجروں ودکانداروں کو اس سکیم سے فائدہ اٹھانے پر زور دیا، انہوں نے کہا کہ انجمن تاجران سٹی رجسٹرڈ فیصل آباد کے پلیٹ فارم سے FBRکی اس آسان ٹیکس مہم کو عوام، تاجروں تک پہنچایا جائے گا جس کیلئے ہرممکن تعاون کریں۔




