فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل انور علی کی زیر صدارت میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج داخلہ ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ) کے انتظامات کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے نمائندگا ن سمیت ڈائریکٹر سٹوڈنٹس آفیئرجی سی یونیور سٹی ، ریسکیو 1122،ڈائریکٹرکالجز،سول ڈیفنس ودیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ایم ڈی کیٹ امتحان 16۔اگست 2026 کو منعقد ہوگا۔ گرلز امیدواروں کے لئے جی سی یونیورسٹی اور بوائزکیلئے ڈی پی ایس میں امتحانی انتظامات کئے جائیں گے۔ امتحان میں مجموعی طور پر3ہزار 834گرلز اور 1ہزار418سو بوائز امیدوار شرکت کریں گے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے اجلاس میں ہدایت کی کہ امتحان کے روز والدین کے لئے پینے کا صاف پانی، پنکھوں، سایہ دار جگہ اور کھانے پینے کی سہولیات کو یقینی بنایا جائے۔ امتحانی مراکز میں رہنمائی ڈیسک، صاف ستھرے واش رومز اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی بھی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہوگی۔سکیورٹی کے حوالے سے پولیس کو فول پروف پلان تشکیل دینے اور امتحانی مراکز کے داخلی و خارجی راستوں کی سخت نگرانی کرنے کی ہدایت دی گئی۔ اس کے ساتھ ساتھ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لئے خصوصی ٹریفک پلان اور پارکنگ ایریاز قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔




