بجلی گیس اور پٹرول کی قیمتیں بڑھنے کی مذمت

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) ناظم اعلی مرکز ی جمعیت اہلحدیث پاکستا ن علامہ عبدالرشید حجازی ، خالد محمود اعظم آبادی ، ضلعی امیر قاری محمد ارشد ، ناظم قاری بشیر احمد عزیزی ، چوہدری حبیب اللہ عطار مولانا عبد الشکور کاظم ، حبیب الرحمن بٹ و دیگر نے بجلی و گیس اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتو ں میں آئے روز ہونیوالے اضافہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں کی نااہلی و ناکام پالیسوں کی بدولت ہر شہری پریشان دکھائی دیتا ہے ۔حکمران طبقہ و سیاست دانوں اور اشرافیہ کی عیاشیوں کیلئے ماہانہ اربوں روپے کے اضافے پر آئی ایم ایف کی خاموشی دال میں کچھ ضرور کالا ہے ۔ علامہ عبدالرشید حجازی نے روزانہ کی بنیاد ہونے والے اضافہ پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے کسی بھی ملک میں ایسے قوانین نہیں جس طرح پاکستان کی اسمبلیوں میں بیٹھے نام نہاد عوامی لیڈر عوام کش قوانین بنا رہے ہیں ۔ عوام دو وقت کی روٹی اور بجلی و گیس اور پیٹرولیم مصنوعات کے حصول کے لیے مارے مارے پھر رہے ہیں جبکہ حکمران ، وزیر و مشیر اور ممبران اسمبلیز غیر ملکی دوروں اور اپنی عیاشیوں کے لیے نئے نئے بل اسمبلیز میں منظور کروا کر انسانی و اخلاقی اور ایمانی غیرت و حمیت کا جنازہ نکال رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دوسری طرف ذخیرہ اندوزوں نے سرکاری سرپرستی میں روز مرہ کھانے پینے کی اشیا کی قیمتوں میں آئے روز اضافہ کر کے مصنوعی مہنگائی کا طوفان کھڑا کر دیا ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں