بلوچستان میں پولیس اہلکاروں کی شہادت پر اظہار دکھ

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان فلاح پارٹی کے چیئرمین محمد رمضان مغل ایڈووکیٹ۔سینئر وائس چیئرمین سید آفتاب عظیم بخاری، سید راشد علی گردیزی سیکرٹری جنرل ، ضمیر گجر صدرپنجاب شمالی ،میاں راشد حفیظ، محمد رفیق لودھی ودیگر ذمہ داران نے بلوچستان میں پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ بلوچستا ن میں دہشتگردوں کے حملے میں پولیس کے جوانوں کی شہادت پر پورے ملک میں سوگ کی کیفیت ہے۔ شہدا کے اہل خانہ سے دلی تعزیت و ہمدردی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہیں۔ذمہ داران نے کہا کہ وطن کی حفاظت اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس اہلکار پوری قوم کے ہیرو ہیں جن کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔پاکستان فلاح پارٹی کے ذمہ داران نے مزید کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کی مسلسل بگڑتی ہوئی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے۔ بار بار ہونے والے دہشت گرد حملے اس امر کی نشاندہی کرتے ہیں کہ سیکیورٹی نظام اور انٹیلی جنس کے موثر رابطے میں سنگین خامیاں موجود ہیں۔ اگر بروقت خفیہ اطلاعات حاصل کر کے موثر کارروائی کی جاتی تو قیمتی جانوں کے ضیاع سے بچا جا سکتا تھا۔ ایسے واقعات متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر بھی اہم سوالات کھڑے کرتے ہیں، جن کا سنجیدگی سے جائزہ لینا ضروری ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس افسوسناک واقعے کی شفاف، غیر جانبدار اور فوری تحقیقات کرائی جائیں، حملے میں ملوث عناصر، ان کے سہولت کاروں اور منصوبہ سازوں کو قانون کے مطابق سخت ترین سزا دی جائے، جبکہ سیکیورٹی اور انٹیلی جنس نظام کا ازسرنو جائزہ لے کر ایسی خامیوں کو دور کیا جائے جن کے باعث دہشت گرد اپنے مذموم عزائم میں کامیاب ہوتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں