بین الصوبائی آئس اسمگلنگ کا نیٹ ورک تباہ،سرغنہ سمیت4کارندے گرفتار

لاہور( بیورو چیف)پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس نے انٹیلیجنس بیورو کیساتھ ملکر ایک مربوط کارروائی کے دوران بین الصوبائی آئس اسمگلنگ کے ایک بڑے نیٹ ورک کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا ہے۔72 گھنٹے طویل مشترکہ انٹیلیجنس بیسڈ آ پر یشن کے نتیجے میں نیٹ ورک کے مرکزی سرغنہ سمیت 4 اہم کارندوں کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کر لی گئی ہے۔ اس کامیاب کارروائی کے ذریعے کوئٹہ سے پنجاب کے تعلیمی مراکز تک پھیلی سپلائی چین کو مکمل طور پر توڑ دیا گیا ہے۔منشیات کیخلاف اس منظم آپریشن کا آغاز اس وقت ہوا جب نارکوٹکس کنٹرول اسٹیشن ملتان کی اسٹرائیک ٹیم نے مصدقہ خفیہ معلومات پر کارروائی کرتے ہوئے منشیات کے ایک بڑے اسمگلر اسلم کو اس کے ایک ساتھی سمیت رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔ ملزمان کے قبضے سے 10 کلو گرام اعلیٰ معیار کی آئس (کرسٹل میتھ) برآمد ہوئی، جس کے بارے میں تفتیش سے معلوم ہوا کہ یہ کھیپ گلستان (بلوچستان) سے پنجاب اسمگل کی جا رہی تھی اور اس نیٹ ورک کا بنیادی ہدف صوبے کے اہم تعلیمی ادارے تھے۔دورانِ حراست ملزم اسلم سے حاصل ہونے والے اہم انکشافات اور سراغ کی روشنی میں آپریشن کے دوسرے مرحلے کا آغاز کیا گیا، جس میں انٹیلیجنس بیورو کے تعاون سے ٹیکنیکل اور ہیومن انٹیلیجنس ٹریکنگ کا استعمال کیا گیا۔ اس مشترکہ آپریشن کے نتیجے میں آئس اسمگلنگ نیٹ ورک کے مرکزی سرغنہ اور کنگ پن امان اللہ سکنہ پاکپتن اور اس کے سہولت کار و ڈرائیور رضوان کو ملتان سے کامیابی کے ساتھ ٹریس کر کے گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتاری کے وقت ملزمان کے قبضے سے مزید 5 کلو گرام آئس برآمد ہوئی، جس سے مجموعی برآمدگی 15 کلو گرام تک پہنچ گئی ہے جس کی بین الاقوامی مارکیٹ میں مالیت 23 ملین روپے بنتی ہے۔ابتدائی تفتیش کے مطابق گرفتار ہونے والا سرغنہ امان اللہ ملتان اور ساہیوال ڈویژن میں منشیات کی فراہمی کے پورے نیٹ ورک کو آپریٹ کر رہا تھا اور اس کے کوئٹہ میں مقیم بڑے منشیات فروشوں لالا اور نصراللہ کے ساتھ براہ راست مالی اور سپلائی کے روابط تھے۔ پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کے ترجمان نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ صوبے کے تعلیمی اداروں کو نشانہ بنانے والے عناصر کے خلاف یہ ایک براہ راست اور مؤثر ضرب ہے تاکہ طلبہ کے مستقبل کو محفوظ بنایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب سی این ایف منشیات فروشوں کے خلاف ”زیرو ٹالرنس” کی پالیسی پر گامزن ہے اور کامیاب آپریشن پر تمام افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا جاتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں