وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بہتر کارکردگی والی وزارتوں کو ترقیاتی منصوبوں کیلئے ترجیحی بنیادوں پر بجٹ فراہم کیا جائے گا۔ رواں برس کے ترقیاتی بجٹ اور آئندہ مالی سال کے لیے ترقیاتی بجٹ (پی ایس ڈی پی) کے منصوبوں پر جائزہ اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ ایسے ترقیاتی منصوبوں میں عوام کا پیسہ لگائیں گے جن کے نتائج یقینی ہوں۔ پانی کے ذخائر’ پن بجلی کے منصوبے ترقیاتی بجٹ خرچ کرنے کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ پانی کے ذخائر کو بڑھانے کے منصوبوں کو ترجیح دی جائے گی۔ انہوں نے پانڈا بانڈز کے کامیاب اجراء اور اس کی مارکیٹ میں پذیرائی پر وزیرخزانہ کی تعریف کی، جبکہ ریلوے’ آئی ٹی اور وزارت پاور کی کارکردگی کو بھی سراہا۔ ترقیاتی منصوبوں میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی زیادہ سے زیادہ حوصلہ افزائی خوش آئند ہے، اجلاس میں داسو’ دیامر’ بھاشا اور مہمند ڈیمز کی تعمیر پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا ایران اور خلیج تعاون کونسل ممالک میں تعینات سفیروں کے اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نے پاکستان کی خارجہ پالیسی میں خلیجی تعاون کونسل کے ممالک اور ایران کی تاریخی’ اقتصادی اور تزویراتی اہمیت پر زر دیا، انہوں نے سفیروں کو ہدایت کی کہ وہ تجارت’ سرمایہ کاری’ توانائی اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کیلئے فعال کردار ادا کریں۔ سفیروں نے وزیراعظم کو اپنے ممالک کے ساتھ دوطرفہ تعلقات’ ابھرتے ہوئے مواقع اور درپیش چیلنجز سے آگاہ کیا اور اقتصادی سفارت کاری کو مزید مؤثر بنانے’ ترسیلات زر میں اضافے اور پاکستانی تارکین وطن سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ دریں اثناء وزیراعظم سے پاک بحریہ سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے بھی ملاقات کی۔ اس دوران پاکستان نیوی کے پیشہ وارانہ امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ وزیردفاعی پیداوار رضا حیات ہراج بھی وزیراعظم سے ملے اور وزارت کے امور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم سے ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک (اے آئی آئی بی) کی صدر زوجیالی نے وفد کے ہمراہ ملاقات بھی کی اور طویل المدتی شراکت داری کے عزم کا اعادہ بھی کیا، وزیراعظم نے آئی آئی بی کی صدر کو عہدہ سنبھالنے کے بعد پاکستان میں پہلی مرتبہ آمد پر خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک جیسے کثیرالجہتی مالیاتی اداروں کے ساتھ شراکت داری اقتصادی استحکام اور طویل المدتی ترقی کیلئے جاری پالیسی اصلاحات اور سرمایہ کار دوست ماحول کے فروغ کے لیے نہایت اہم ہے۔ وزیراعظم نے پاکستان کی سماجی واقتصادی ترقی کے لیے اے آئی آئی بی کی مسلسل معاونت کو سراہا اور ریلوے’ زراعت وزرعی صنعت’ علاقائی وروابط’ قابل تجدید ومقامی توانائی کے وسائل نیز نوجوانوں کی آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں پر شمولیت پر بھی گفتگو کی۔ بینک کی صدر نے وزیراعظم کی قیادت کی تعریف کرتے ہوئے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ان کے مضبوط عزم کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔ دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بینک پاکستان کے سٹریٹجک شعبوں میں منظم انداز میں معاونت فراہم کرنے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔ اے آئی ٹی بی پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے۔ جس میں ریلوے’ شاہراہوں کے انفراسٹرکچر کی ترقی’ علاقائی اور سرحد پار روابط’ آئی ٹی ومصنوعی ذہانت ڈیجیٹل انفراسٹرکچر اور شہری اور دیہی ترقی شامل ہیں۔ پائیدار ترقی’ اقتصادی نمو کے فروغ کے لیے باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے اور قریبی اشتراک عمل جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔ وزیراعظم سے فریڈم ہولڈنگ کارپوریشن کے بانی چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو آفیسر تیمور تورلوف نے بھی ملاقات کی جس میں ریٹیل بروکریج’ اسلامی بینکاری اور کیپٹل مارکیٹ کی ترقی جیسے شعبوں میں ممکنہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے تیمورتورلوف کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا اور قازقستان کے صدر قاسم جومارت توقایوف کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت تیز رفتاری معاشی ترقی اور ڈیجیٹل تبدیلی کے وژن پر عمل پیرا ہے۔ وزیراعظم نے کارپوریشن کو پاکستان کی مالیاتی منڈیوں کی ترقی میں فعال کردار ادا کرنے کی دعوت دی۔ تیمورتورلوف نے پاکستان کے اقتصادی مستقبل پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کمپنی پاکستان کی ترقیاتی ترجیحات سے ہم آہنگ طویل مدتی سٹریٹجک سرمایہ کاری کے مواقع کا سنجیدگی سے جائزہ لے رہی ہے، وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کے یہ اقدامات قابل تحسین ہیں اور یقینی طور پر ان پر عملدرآمد سے مثبت نتائج برآمد ہونگے۔




