فیصل آباد(ایجوکیشن رپورٹر)ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن تعلیمی بورڈ فیصل آباد نے پنجاب حکومت کی جانب سے تعلیمی بورڈز کے فنڈز اور اثاثہ جات تحویل میں لینے کی اطلاعات پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں ایسوسی ایشن کے صدر ثاقب علوی کی زیر صدارت منعقدہ جنرل باڈی اجلاس میں متفقہ طور پر احتجاجی لائحہ عمل کی منظوری دی گئی۔ پنجاب بورڈز فیڈریشن کی ہدایات کے مطابق آج دو گھنٹے کا علامتی قلم چھوڑ احتجاج کیا گیا، اس کے بعد تاحکم ثانی مکمل قلم چھوڑ احتجاج شروع کر دیا جائے گا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن ثاقب علوی نے کہا کہ تعلیمی بورڈز کے اثاثے ملازمین کی برسوں کی محنت اور اداروں کی اپنی آمدن سے وجود میں آئے ہیں، لہذا ملازمین کے مستقبل اور تعلیمی بورڈ کی مالی و انتظامی خودمختاری پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ملازمین اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے متحد ہیں اور کسی بھی ایسے اقدام کی مخالفت کریں گے جس سے ادارے کی خودمختاری اور ملازمین کے مفادات متاثر ہوں۔ اجلاس میں جنرل سیکرٹری نسیم گجر سمیت ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور احتجاجی تحریک میں بھرپور شرکت کے عزم کا اظہار کیا۔




