فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کے ضلعی امیرپروفیسرمحبوب الزماںبٹ نے کہاہے کہ جماعت اسلامی اور الخدمت فائونڈ یشن کے 15ہزار سے زائد رضاکار خیبرپختونخواہ کے متاثرہ علاقوں میں فلاحی سرگرمیاں سرانجام دے رہے ہیں جن میں ڈاکٹرز، اساتذہ، انجینئرز سمیت ہر طبقہ ہائے فکر کے مرد و خواتین شامل ہیں ، الخدمت کی کارکردگی کو عالمی نشریاتی اداروں تک میںسراہا جارہاہے۔ملک بھر کے مخیرحضرات اوربیرون ملک پاکستانیوں سے اپیل ہے متاثرین کو غیرملکی این جی اوز کے سہارے چھوڑنے کی بجائے اپنے عطیات اچھی شہرت کے حامل ادارے الخدمت کو پہنچائیں۔ جماعت اسلامی اور الخدمت فائونڈیشن ایک لمحہ ضائع کئے بغیر امداد متاثرین تک پہنچا رہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ وفاقی و صوبائی حکومتیں آپس کے سیاسی اختلافات ختم کرکے مصیبت زدہ افراد کی طرف توجہ دیں۔ حکومت کا پہلا کام لوگوں کی جان بچانا، دوسرا عارضی ریلیف مہیا کرنا اور حتمی مرحلہ آبادکاری ہے۔ ہزاروں متاثرین کی عمر بھر کی پو نجی سیلاب میں بہہ گئی، ریاست اور حکومت کا فرض ہے بزرگوں، بچوں اور خواتین سمیت بے یارومددگار متاثرین کی فی الفور مدد کو یقینی بنائے۔انہوں نے کہا کہ یہ وقت جہاں مصیبت زدہ افراد کے لیے امتحان کا ہے وہیں قدرتی آفت سے محفوظ لوگوں کے لیے بھی آزمائش ہے جنھیں بڑھ چڑھ کر مدد کیلئے آگے بڑھنا چاہیے،وفاقی اور صوبائی حکومتیں لوگوں کے صبر کا امتحان نہ لیں، حالات یوں ہی رہے تو عوام حکمرانوں کے دفاتر اور عالیشان محلات کا رخ بھی کر سکتے ہیں۔ انہوں نے فیصل آباد کے شہریوں سے اپیل کی ہے وہ حسب سابق الخدمت فائونڈیشن پر اعتماد کا اظہارکرتے ہوئے اپنے عطیات الخدمت تک پہنچائیں تاکہ متاثرین کو بروقت امداد پہنچائی جائے۔




