جڑانوالہ(نامہ نگار) مظلوم خاندان کی مدد کرنے کی پاداش میں بااثر افراد نے مبینہ طور پر بازار سے اغوا کرکے اپنی حویلی میں لے جا کر ڈنڈوں سوٹوں مکوں لاتوں سے ایک شخص کو مبینہ وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، متاثرہ شخص کے لواحقین کا ارباب اختیار سے نوٹس لینے کا مطالبہ،تفصیلات کے مطابق تھانہ کھرڑیانوالہ کے نواحی گائوں 74ر-ب میں مظلوم خاندان کی مدد کرنے کی پاداش میں دیہہ ہذا ہی کے رہائشی بااثر افراد عابد،جعفر،بابر، شاہ زیب،شہزاد نے اپنے 5 کس نامعلوم ساتھیوں کے ہمراہ ڈنڈوں سوٹوں مکوں لاتوں سے مبینہ طور پر وحشیانہ تشدد کرکے عرفان کو زخمی کر دیا اور فرار ہو گئے متاثرہ شخص کے بھائی جمیل کا کہنا ہے کہ اسکے بھائی عرفان کو الزام علیہان نے دیہہ ہذا کی رہائشی فیملی اقبال ولد خوشی کی مدد کرنے کی پاداش پر مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا ہے تھانہ کھرڑیانوالہ پولیس اگر بروقت کارروائی کرتے ہوئے اقبال کی فیملی کیساتھ ہونے والے مبینہ ظلم کی ایف آئی آر درج کر لیتی تو آج ہمارے ساتھ یہ معاملہ پیش نہ آتا متاثرہ شخص کے لواحقین نے مزید الزام عائد کیا ہے کہ الزام علیہان نے عرفان کو مبینہ طور پر بازار سے اغوا کیا اور اپنی حویلی میں لے جا کر مبینہ طور پر حبس بے جا میں رکھ کر تشدد کا نشانہ بنایا متاثرہ شخص کے لواحقین نے آر پی او،سی پی او فیصل آباد اور ایس پی ٹائون جڑانوالہ سے اپیل کی ہے کہ الزام علیہان کیخلاف مقدمہ درج کرکے انصاف و تحفظ فراہم کیا جائے۔ اس حوالہ سے پولیس کا کہنا ہے کہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی ہرگز اجازت نہیں دی جا سکتی ہے متاثرہ شخص اور اسکی فیملی کو انصاف و تحفظ فراہم کیا جائے گا۔




