جڑانوالہ کو ضلع کا درجہ دینا ہماری اولین ترجیح ہے،بلال بدر چوہدری

جڑانوالہ(نامہ نگار) مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی بلال بدر چوہدری نے کہا ہے کہ جڑانوالہ کو ضلع بنوانا ان کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے بھرپور کاوشیں جاری ہیں۔62 یونین کونسلز پر مشتمل تحصیل جڑانوالہ کی آبادی 17لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے،لہذا عوام کو ان کی دہلیز پر ضلعی دفاتر اور دیگر انتظامی سہولیات کی فراہمی وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار نیو سٹی جڑانوالہ میں رانا اکبر کی رہائش گاہ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سینئر نائب صدر جڑانوالہ رانا محمد اکبر،سعید انور بھولا،رانا عثمان سمیت درجنوں مسلم لیگی کارکن موجود تھے۔ بلال بدر چوہدری نے کہا کہ جڑانوالہ کی بڑھتی ہوئی آبادی، وسیع رقبے اور عوامی ضروریات کے پیش نظر اسے ضلع کا درجہ دلوانا انتہائی ضروری ہے،جس کیلئے متعلقہ فورمز پر کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جڑانوالہ سے فیصل آباد کے درمیان سٹل ٹرین چلانے کی تجویز بھی زیر غور ہے اور اس سلسلے میں سروے بھی کیا جا چکا ہے۔اس منصوبے سے شہریوں کو سفری سہولت میسر آئے گی اور جڑانوالہ کے عوام کے لیے فیصل آباد آمدورفت مزید آسان ہو سکے گی۔رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام کو جدید اور بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ حکومت کا مقصد عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنا اور شہری و دیہی علاقوں میں ترقیاتی سہولیات کو مزید بہتر بنانا ہے۔بلال بدر چوہدری نے مزید کہا کہ لاہور تا شورکوٹ راوی ایکسپریس بحال ہو چکی تھی، تاہم ریلوے پل ٹوٹنے کے باعث اس ٹرین کی سروس دوبارہ تعطل کا شکار ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ریلوے پل کی بحالی کے بعد ٹرین سروس بھی مستقل بنیادوں پر بحال ہو جائے گی، جس سے جڑانوالہ اور گردونواح کے عوام کو سفری سہولت حاصل ہو گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں