اسلام آباد (بیورو چیف)وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان میں منعقدہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)کی خواتین کے امور پر نویں وزارتی کانفر نس کامیابی سے اختتام پذیر ہوگئی ہے، جس کے بعد تنظیم کی سربراہی پاکستان کو منتقل ہو گئی ہے۔ کانفرنس کے اختتام پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کیلئے اعزاز کے ساتھ ایک اہم ذمہ داری بھی ہے اور پاکستان تمام رکن ممالک کے تعاون سے مسلم خواتین کی سماجی، معاشی اور سیاسی ترقی کے لیے فعال کردار ادا کرے گا۔اس موقع پر وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک، وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے انسانی حقوق صبا صادق، سیکرٹری وزارت انسانی حقوق عبدالخالق شیخ، او آئی سی کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ او آئی سی کے تمام رکن ممالک، سیکرٹری جنرل اور شریک وفود نے کانفرنس کو کامیاب بنانے میں بھرپور تعاون کیا۔ انہوں نے بتایا کہ دو روزہ اجلاس کے دوران ہونے والی مشاورت اور سفارشات کو متفقہ طور پر منظور کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ مسلم دنیا کی خواتین کو معاشی، سیاسی اور سماجی شعبوں میں بااختیار بنایا جائے گا تاکہ وہ اپنے ممالک اور خطوں کی ترقی میں موثر کردار ادا کر سکیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ کانفرنس میں جدید ٹیکنالوجی، اختراع اور ڈیجیٹل مواقع سے خواتین کو مستفید کرنے پر خصوصی توجہ دی گئی۔ رکن ممالک اس بات کو یقینی بنانے کے لیے اپنے وسائل بروئے کار لائیں گے کہ خواتین جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی، اپنے خاندان اور اپنے ملک کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔




