درخواست گزاروں کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے،ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے) محمد آصف چوہدری نے حکومتِ پنجاب کی عوام دوست پالیسی کے تحت اوپن ڈور پالیسی پر عمل درآمد کو مزید موثر بناتے ہوئے اپنے دفتر میں شہریوں سے براہِ راست ملاقات کی، ان کے مسائل، شکایات اور تجاویز تفصیل سے سنیں اور متعلقہ معاملات کے فوری اور موثر حل کے لیے احکامات جاری کیے۔ اس موقع پر شہریوں نے پلاٹوں اور رہائشی سکیموں سے متعلق امور، جائیدادوں کی کمرشلائزیشن، بلڈنگ پلانز کی منظوری، مختلف این او سیز و اجازت ناموں کے اجرا ، تجاوزات، ایف ڈی اے سٹی کے الاٹیز کے مسائل، پراپرٹی ٹرانسفر، واجبات کی ادائیگی اور دیگر انتظامی معاملات سے متعلق اپنی درخواستیں پیش کیں۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے ہر درخواست کا انفرادی طور پر جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام درخواستوں پر قانون، میرٹ اور شفافیت کے اصولوں کے مطابق مقررہ مدت کے اندر کارروائی مکمل کرکے درخواست گزاروں کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے۔ محمد آصف چوہدری نے ہدایت کی کہ جائیدادوں کی کمرشلائزیشن سے متعلق زیر التوا درخواستوں کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے، جبکہ ایف ڈی اے سٹی کے الاٹیز کو واجبات کی ادائیگی، گھروں کی تعمیر، بلڈنگ پلان کی منظوری، پراپرٹی ٹرانسفر اور دیگر متعلقہ امور میں ہر ممکن سہولت فراہم کریں تاکہ شہریوں کو غیر ضروری تاخیر اور مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے متعلقہ شعبوں کو غیر قانونی تعمیرات، قبضہ مافیا اور تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز اور مسلسل کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ قانون کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور شہریوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب قانونی اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے کہا کہ شہریوں کو بروقت، معیاری، شفاف اور بلاامتیاز خدمات کی فراہمی ادارے کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اوپن ڈور پالیسی کا بنیادی مقصد عوام کو اپنی شکایات اور مسائل کے حل کے لیے براہِ راست رسائی فراہم کرنا ہے تاکہ ان کے جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر، کم سے کم وقت میں اور موثر انداز میں حل کیے جا سکیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو تاکید کی کہ عوامی شکایات کے ازالے میں کسی قسم کی غفلت، سستی یا غیر ضروری تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ تمام درخواستوں کو قانون، میرٹ اور شفافیت کے مطابق نمٹاتے ہوئے شہریوں کے اعتماد پر پورا اترنا اور ایف ڈی اے کو ایک عوام دوست، جوابدہ اور موثر ادارہ بنانا تمام افسران کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں