دہشتگردی جیسے معاملات پر سنجیدہ مکالمے کے ذریعے بات ہونی چاہیے

لاہور (بیورو چیف) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے کہا ہے کہ دہشت گردی جیسے حساس معاملات پر جذبات کے بجائے دلیل اور سنجیدہ مکالمے کے ذریعے بات ہونی چاہیے، ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سیاسی قیادت اور تمام متعلقہ اداروں کو مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی،اختیارات اور وسائل کی نچلی سطح تک منتقلی حقیقی جمہوریت کی بنیاد ہے،مضبوط مقامی حکومتوں اور صوبائی مالیاتی کمیشن کے بغیر عوام کو حقیقی اختیارات کی منتقلی ممکن نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایکسپو سینٹر لاہور میں منعقدہ ایجوکیشنل ایرینا ایکسپو، بک اینڈ اسٹیشنری فیٔر 2026ء میں بطور مہمان خصوصی شرکت اور نمائش کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سپیکر ملک محمد احمد خاں نے کتابوں اور اسٹیشنری کے مختلف اسٹالز کا دورہ کیا اور نمائش میں رکھی گئی کتابوں اور تعلیمی مواد میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اورمنتظمین کی جانب سے شاندار نمائش کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ کتابوں اور کتب بینی کے فروغ کے لیے اس نوعیت کی نمائشوں کا انعقاد خوش آئند ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سپیکر ملک محمد احمد خاں نے مزید کہا کہ کسی بھی معاشرے کی ترقی، جمہوریت اور بہتر حکمرانی کا براہِ راست تعلق تعلیم سے ہے۔ کتابوں اور علمی سرگرمیوں میں عوام کی بڑھتی ہوئی دلچسپی انتہائی خوش آئند ہے۔ جمہوریت دراصل ایک مکالمہ ہے اور علم و تعلیم کی بنیاد پر ہونے والا مکالمہ معاشرے میں بہتری لاتا ہے۔ کتب بینی کے فروغ کے لیے ضروری ہے کہ کتابوں کی اشاعت اور طباعت کے شعبے کو حکومتی سرپرستی فراہم کی جائے، کاغذ پر ڈیوٹیز کم کی جائیں اور پبلشرز کو مراعات دی جائیں تاکہ پاکستان میں کتابوں کی اشاعت اور مطالعے کے رجحان کو فروغ مل سکے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی گورننس، تعلیم، صحت اور عوامی فلاح کے شعبوں میں اصلاحات کو سراہتے ہوئے سپیکر ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے عوام کو بہتر معیارِ زندگی فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں۔ ستھرا پنجاب محض صفائی کی مہم نہیں بلکہ عوام کا بنیادی حق اور بہتر معیارِ زندگی کی ضمانت ہے۔ دیہی علاقوں میں صفائی ستھرائی کا نظام بہتر بنا کر عوام کو ان کا بنیادی حق فراہم کیا گیا ہے۔ یہ منصوبہ عوام کے حقِ زندگی اور بنیادی شہری سہولیات سے براہِ راست جڑا ہوا ہے۔ آؤٹ آف اسکول بچوں کو تعلیمی نظام میں واپس لانے کے لیے حکومتی اقدامات قابلِ تحسین ہیں۔ بچوں کو چائلڈ لیبر سے نکال کر اسکولوں تک لانا معاشرے کے مستقبل میں سرمایہ کاری ہے۔ تعلیمی وظائف اور دیگر سہولیات کے ذریعے بچوں اور ان کے والدین کی معاونت کی جا رہی ہے۔ اسی طرح مریم نواز ہیلتھ کلینکس کے ذریعے دیہی آبادی کو طبی سہولیات فراہم کرنا ایک اہم پیش رفت ہے۔ سپیکر ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ تعلیم، صحت اور صفائی کے شعبوں میں اصلاحاتی طرزِ حکمرانی موجودہ حکومت کا نمایاں وصف ہے اور گورننس اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ وسائل کی منصفانہ تقسیم اور عوامی فلاح کے منصوبوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سپیکر ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ گڈ گورننس پالیسی کا اہم پہلو وسائل کی بلاامتیاز تقسیم ہے۔ عوامی فلاح کے منصوبوں میں سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر وسائل کی تقسیم ہی اچھی حکمرانی کا تقاضا ہے۔ میرے حلقے میں ٹریکٹر اسکیم کے 80 فیصد فوائد سیاسی مخالفین کو ملے، لیکن میں نے اس پر کوئی اعتراض نہیں کیا۔ میرے حلقے میں ترقیاتی فنڈز سے ایسی سڑکیں بھی تعمیر ہوئیں جو سیاسی مخالفین کے گھروں اور دیہات کی طرف جاتی ہیں۔ سرکاری وسائل اور ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات تمام شہریوں تک بلاامتیاز پہنچنے چاہئیں۔ کسانوں کے مسائل اور زرعی شعبے کو درپیش چیلنجز پر بات کرتے ہوئے سپیکر ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ عالمی منڈی میں زرعی اجناس کی قیمتوں میں کمی سے کسان متاثر ہوئے ہیں۔ حکومت نے کسان کارڈ، سبسڈیز اور زرعی مشینری کی فراہمی کے ذریعے کسانوں کی معاونت کے لیے اقدامات کیے ہیں۔ کسانوں کو اربوں روپے کی سبسڈیز اور دیگر سہولیات فراہم کی گئی ہیں، تاہم کسانوں کو ان کی فصلوں کی مناسب قیمت کی ضمانت دینے کے لیے کم از کم امدادی قیمت کا نظام بھی ضروری ہے۔ مقامی حکومتوں کے نظام اور اختیارات کی منتقلی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سپیکر ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ مضبوط مقامی حکومتوں اور صوبائی مالیاتی کمیشن کے بغیر عوام کو حقیقی اختیارات کی منتقلی ممکن نہیں۔ اختیارات اور وسائل کی نچلی سطح تک منتقلی حقیقی جمہوریت کی بنیاد ہے۔ 1973ء کے آئین میں منتخب نمائندوں کے ذریعے اختیارات کے استعمال کا تصور واضح ہے۔ مقامی حکومتوں کو مضبوط بنا کر عوام کو فیصلہ سازی اور ترقیاتی عمل میں مؤثر کردار دینا ضروری ہے۔ ملک کو درپیش مجموعی چیلنجز پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے سپیکر ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ معاشرے کو غربت، جرائم، دہشت گردی اور تعلیمی پسماندگی جیسے بڑے چیلنجز کا سامنا ہے۔ دہشت گردی جیسے حساس معاملات پر جذبات کے بجائے دلیل اور سنجیدہ مکالمے کے ذریعے بات ہونی چاہیے۔ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سیاسی قیادت اور تمام متعلقہ اداروں کو مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں