شہریوں کی شکایات کا ازالہ یقینی بنایا جائے

جڑانوالہ (نامہ نگار)ریجنل پولیس آفیسر فیصل آباد انعام الرحمن ملک نے جڑانوالہ ایس پی دفتر میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جس میں 100 سے زائد سائلین نے شرکت کرکے اپنے مسائل اور شکایات پیش کیں۔اس موقع پر ایس پی جڑانوالہ اختر علی وینس،ڈی ایس پی ساجد محمود سوہل، ڈی ایس پی کھرڑیانوالہ مظہر حسین اور تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز بھی موجود تھے۔آر پی او انعام الرحمن ملک نے سائلین کی شکایات کو انفرادی طور پر سنا اور ان کی داد رسی کے لیے متعلقہ پولیس افسران کو موقع پر ہی ضروری احکامات جاری کیے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شہریوں کی شکایات کا ترجیحی بنیادوں پر میرٹ کے مطابق ازالہ یقینی بنایا جائے اور کسی بھی سائل کو غیر ضروری دفتری کارروائیوں میں الجھایا نہ جائے۔آر پی او فیصل آباد نے کہا کہ ریجن بھر میں امن و امان کے قیام اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کے لیے سرچ آپریشنز اور سنیپ چیکنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ روایتی پولیس اور تھانہ کلچر میں تبدیلی لاکر عوام دوست پولیسنگ کو فروغ دینا پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ عام شہریوں اور سائلین کے ساتھ خندہ پیشانی، عزت و احترام اور خوش اخلاقی سے پیش آئیں، ان کی شکایات پوری توجہ سے سنیں اور عملی اقدامات کے ذریعے عوام کا پولیس پر اعتماد بحال کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ افسران اپنے کردار اور رویے سے ماتحت عملے کے لیے مثال قائم کریں اور وقتا فوقتا ماتحت اہلکاروں کے رویوں کی نگرانی بھی یقینی بنائیں تاکہ عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں