فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) اینٹی کرپشن حکام نے کامیاب چھاپے مار کر رشوت لیتے محکمہ واسا کے فیلڈ انسپکٹر اور یونین کونسل کے نائب قاصد کو گرفتار کر لیا اور ان کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ تفصیل کے مطابق متاثرہ شہری نے اینٹی کرپشن حکام کو درخواست گزارتے ہوئے بتایا کہ وفات سرٹیفکیٹ بنوانے کیلئے یونین کونسل65 دفتر گیا تو وہاں پر نائب قاصد عابد اقبال فوتگی سرٹیفکیٹ جاری کرنے کیلئے 10ہزار روپے رشوت کا مطالبہ کر رہا ہے جس پر سرکل انسپکٹر راشد محمود نے مجسٹریٹ کے ہمراہ چھاپہ مار کر یونین کونسل کے نائب قاصد عابد اقبال کو رشوت وصول کرتے رنگے ہاتھوں گرفتار کر کے رقم برآمد کر لی جبکہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سرفراز وڑائچ کو متاثرہ شہری نے درخواست گزاری کہ فراہمی ونکاسی آب کا کنکشن حاصل کرنے کیلئے دفتر گیا تو وہاں پر فیلڈ انسپکٹر واسا احمد علی نے ڈیمانڈ نوٹس تیار کرنے کے عوض 10ہزار رشوت کا مطالبہ کر دیا جبکہ وہ رشوت نہ دینا چاہتا ہے۔ جس پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے مجسٹریٹ کے ہمراہ چھاپہ مار کر فیلڈ انسپکٹر احمد علی کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر کے رقم برآمد کر لی اور ان کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔




