زرعی یونیورسٹی اور اینگرو کے تعاون کو وسعت دی جائیگی

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) زرعی تحقیق، فصلوں کی غذائیت، کاشتکاروں کی تربیت اور استعدادِ کار میں اضافے کے لیے زرعی یونیورسٹی فیصل آبا د اور اینگرو فرٹیلائزرز کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی۔ اس امر پر اتفاق زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی اور اینگرو فرٹیلائزرز کے جنرل منیجر ایگرونومی انیس امین کی قیادت میں وفد کے درمیان ہونے والی ملاقات میں کیا گیا۔ ڈپٹی منیجر آپریشنز ثاقب علی بلوچ اور ڈاکٹر شاہد بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات کے دوران زرعی یونیورسٹی میں اینگرو لرننگ سینٹر کی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ فصلوں میں متوازن اور مؤثر کھاد کے استعمال کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اینگرو فرٹیلائزرز نے زرعی یونیورسٹی کے اشتراک سے غذائی اجزا سے متعلق آزمائشی پروگرام کو مزید وسعت دینے میں دلچسپی کا اظہار کیا تاکہ کھادوں کے متوازن اور غذائی اجزا کے مؤثر استعمال کے لیے مشترکہ کاوشیں عمل میں لائی جا سکیں۔ پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ زرعی شعبے کو درپیش بڑھتے ہوئے پیداواری اخراجات، پانی کی قلت، موسمیاتی تبدیلی اور زمین کی گرتی ہوئی صحت سمیت مختلف چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جامع، کم لاگت اور سائنسی بنیادوں پر عملی حل وضع کرنے کی خاطر جامعات اور صنعت کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنانا ضروری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں