فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) حالیہ طوفانی بارشوں نے وسطی پنجاب خصوصا فیصل آباد ڈایوسیس کے زیرِ نگرانی آنیوالے سات اضلاع کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ کھڑی فصلیں زمین بوس ہو گئیں، مکانات پانی کی نذر ہو گئے، مویشی بہہ گئے اور ہزاروں خاندان کھلے آسمان تلے پناہ ڈھونڈنے پر مجبور ہیں۔ سرکاری امداد کے دعوے بلند و بانگ ضرور ہیں لیکن زمینی حقائق انکے برعکس ہیں۔ اسی پس منظر میں، کاتھولک ڈایوسیس فیصل آباد کے بشپ اندریاس رحمت نے ایک فعال قدم اٹھایا ہے۔ انہوں نے کاریتاس فیصل آباد کے ڈائریکٹر انیل مشتاق اور ان کی ٹیم کے ساتھ مل کر متاثرہ علاقوں کا ہنگامی دورہ شروع کر دیا ہے۔ ٹیم نے ہیڈ سلیمانکی، حویلی لکھا اور دیپالپور کا جائزہ لیا جہاں پیرش پریسٹ فادر جمیل بھی ان کے ہمراہ تھے۔ آئندہ مرحلوں میں یہ مشن اوکاڑہ، تاندلیانوالہ، چنیوٹ اور جھنگ تک پہنچے گا۔بشپ اندریاس رحمت کا موقف ہے کہ صرف بیانات اور وعدوں سے کام نہیں چلے گا۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا”ہمیں اسکولوں، کالجوں اور تمام کلیسائی اداروں کے ساتھ مل کر فوری طور پر متاثرہ خاندانوں تک خوراک، صاف پانی، ادویات اور پناہ گاہ پہنچانا ہوں گے۔ مخیر حضرات کو متحرک کیا جا رہا ہے تاکہ یہ بحران انسانی المیہ نہ بنے۔”یہ حقیقت ہے کہ بارشوں کی پیشگی اطلاعات موجود تھیں، لیکن ضلعی سطح پر کوئی موثر حکمت عملی نظر نہیں آئی۔




