سرکاری ہسپتالوں میں زیر علاج مریضوں کیلئے ادویات بیڈز پر ہی فراہم کی جائیں ‘کمشنر عمران حامد شیخ

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے سختی سے تاکید کی ہے کہ ڈویژن بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں زیرعلاج مریضوں کو ادویات ان کے متعلقہ وارڈ کے بیڈ پر ہی مہیا کی جائیں تاکہ مریضوں و لواحقین کو ہسپتا ل کی فارمیسی پر نہ جانا پڑے اور ان کا علاج بلاتعطل جاری رہے۔انہوں نے یہ تاکید ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال چنیوٹ کے دورہ کے موقع پر مختلف وارڈز میں مریضوں کی عیادت اور ادویا ت ملنے کے بارے میں دریافت کرتے ہوئے کی۔ ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔کمشنر فیصل آباد نے ڈائیلاسز وارڈ،میڈیکل ایمرجنسی سمیت دیگر شعبوں کا دورہ کیا اور مریضوں کو علاج معالجہ کی جاری طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ کنسلٹنٹ کی تجویز کے بغیر کوئی مریض بلاوجہ دیگر ہسپتالوں میں ریفر نہیں ہونا چاہیے۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر سے کہا کہ وہ ریفرل ہونے کی وجوہات کا تعین کریں اور اگر کسی مشینری کی عدم موجودگی کے باعث ریفرل کیسز میں اضافہ ہورہا تو متعلقہ مشینری کا بندوبست کیا جائے گا۔کمشنر نے کہا کہ صحت کے شعبہ میں وزیراعلیٰ پنجاب کے انقلابی اقدامات کے ثمرات عام مریضوں تک بلاتعطل پہنچنے میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے ہسپتال میں صفائی کا معیار بھی ہمہ وقت برقرار رکھنے کی تاکید کی۔کمشنر فیصل آباد نے چنیوٹ فیصل آباد دورویہ شاہراہ کی تعمیراتی پیشرفت کا بھی جائزہ لیا اور ہائی ویز سے موقع پر بریفنگ لیتے ہوئے کہا کہ چنیوٹ فیصل آباد روڈ کی تعمیر دیرینہ عوامی مطالبہ تھا جسے تیزی سے مکمل کرایا گیا ہے تاہم فنشنگ ورک بھی بلاتاخیر مکمل کریں تاکہ شہری اس میگا پراجیکٹ کے ثمرات سے مکمل طور پر مستفید ہوں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں