سرگودھا میں 614نئے واٹر فلٹریشن پلانٹس نصب ہونگے

سرگودھا (بیورو چیف) ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری کی زیر صدارت پنجاب صاف پانی اتھارٹی کے منصوبوں سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت پنجاب صاف پانی اتھارٹی ضلع سرگودھا میں مجموعی طور پر 619 واٹر فلٹریشن پلانٹس نصب کرے گی ، جن پر 4 ارب 90 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے کے تحت 346 آر او جبکہ 273 ایم ایف واٹر فلٹریشن پلانٹس نصب کیے جائیں گے۔ مزید بتایا گیا کہ پنجاب صاف پانی اتھارٹی ضلع بھر میں اس وقت 78 واٹر فلٹریشن پلانٹس چلا رہی ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام فعال واٹر فلٹریشن پلانٹس کا تفصیلی معائنہ کریں، ان کی فعالیت کا جائزہ لیں، فلٹرز کی بروقت تبدیلی کو یقینی بنایا جائے، پانی کے معیار کی باقاعدگی سے جانچ کرائی جائے اور یہ بھی دیکھا جائے کہ کہیں پلانٹس میں کوئی فنی خرابی یا نقصان تو موجود نہیں۔ انہوں نے نئے نصب کیے جانے والے واٹر فلٹریشن پلانٹس کے ڈیزائن،مجوزہ مقامات کی جیو ٹیگنگ اور دیگر متعلقہ ریکارڈ بھی طلب کر لیا تاکہ منصوبے پر بروقت اور شفاف انداز میں عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر ایچ آر عبد الزمان، اے ڈی پنجاب صاف اتھارٹی حسن سیفی اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں