سڑکوں کی تعمیر کے دوران میٹریل کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا

ساہیوال(بیوروچیف) کمشنر ساہیوال ڈویژ ن ڈاکٹر آصف طفیل نے شہر میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں اور زیرِ تعمیر سڑکوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر ساہیوال کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق بھی ان کے ہمراہ تھے۔ کمشنر نے موقع پر موجود افسرا ن سے کام کی رفتار اور استعمال ہونے والے مٹیریل کے معیار کا جائزہ لیا اور متعلقہ محکموں کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ دورے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ حکومتِ پنجاب کی پالیسی کے مطابق ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اور اعلیٰ معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایات دیتے ہوئے واضح کیا کہ سڑکوں کی تعمیر کے دوران مٹیریل کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کام کی رفتار کو تیز کرنے کے لیے لیبر اور مشینری کی تعداد میں اضافہ کیا جائے تاکہ تمام منصوبے مقررہ مدت کے اندر مکمل ہو سکیں۔ اس موقع پر کمشنر ساہیوال کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ شہر کی اہم شاہراہوں کی کارپٹنگ اور مرمت کا کام ترجیحی بنیادوں پر جاری ہے تاکہ شہریوں کو آمدورفت میں درپیش مشکلات کا جلد از جلد ازالہ کیا جا سکے۔ دورے کے دوران متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران اور انجینئرز بھی موجود تھے۔ دریں اثنا انہوں نے نئے تعمیر شدہ اسپورٹس ایرینا کا تفصیلی دورہ کیا اور وہاں کھلاڑیوں کے لیے فراہم کردہ کھیلوں کی سہولیات کا جائزہ لیا۔ کمشنر ساہیوال نے اسپورٹس ایرینا کے مختلف حصوں، انڈور اور آؤٹ ڈور گیمز کے میدان اور دیگر انفراسٹرکچر کا معائنہ کیا۔ انہوں نے جاری ترقیاتی کاموں کے معیار اور کھیلوں کے مروجہ بین الاقوامی قوانین کے مطابق سہولیات کی فراہمی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ حکومت پنجاب نوجوانوں کو کھیلوں کے صحت مند مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں