سکولوں سے سولر پینلز کی چوری کے واقعات بڑھ گئے

لاہور(بیوروچیف)پنجاب اسمبلی کی پبلک اکائونٹس کمیٹی نے 2022-23میں سکولوں سے سولر پینلز کی چوری کے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پولیس کو تحقیقات کی ہدایات جاری کر دیں،صرف راجن پور کے پچاس سکولوں سے لاکھوں روپے مالیت کے سولر پینلز چوری ہوئے۔پبلک اکائونٹس کمیٹی تھری کا اجلاس تنویر اسلم ملک کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ کمیٹی نے ہدایت کی کہ سکولوں سے پینلز چوری ہونے کے معاملات کی تحقیقات کے لئے متعلقہ اضلاع کے ڈی پی اوز کو خط لکھا جائے ۔آڈٹ ڈیپارٹمنٹ کے مطابق ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی سولر پینلز کی حفاظت کرنے میں ناکام رہی ہے۔تنویر اسلم ملک نے کہا کہ محکمہ تعلیم کوئی بھی ذمہ داری لینے کو تیار ہی نہیں ،محکمہ ساری ذمہ داری ڈسٹرکٹ اتھارٹی پر ڈال رہا ہے۔ کتنے سکولوں سے سولر پینلز چوری ہوئے اور اب تک کتنی ریکوری ہوئی اس کی تحقیقات کرائی جائیں۔محکمہ تعلیم کے مطابق سولر پینلز کی چوری کی ایف آئی آر زدرج کرائی ہیں۔آڈٹ ڈیپارٹمنٹ کے مطابق ایف آئی آر کے اندراج کے بعد ریکوری کیلئے کوئی پیشرفت نہیں ہوئی ،ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی سولر پینلز کی حفاظت میں ناکام رہی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں