مستونگ (نامہ نگار) خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 13 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان اور گردونواح میں فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں کو موثر انداز میں نشانہ بنایا، کارروائی سے قبل دہشت گردوں کی نقل و حرکت پر مسلسل نگرانی رکھی گئی، جس کے بعد ان کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی گئی۔سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائیاں عزمِ استحکام ویژن کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے جاری ہیں۔دوسری جانب بلوچستان کے ضلع مستونگ میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائی کی گئی،سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سیاپشت اور کلی گشتری کے علاقوں میں آپریشن کے دوران 5 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ذرائع کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، علاقے میں ممکنہ دہشت گردوں کی موجودگی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان سے دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔




