فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر واسا کے زیراہتمام پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام اور سی ایم پیکج پر زمینی حقائق کے مطابق عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کے سیوریج سے متعلقہ دیرینہ مسائل کا ازالہ اور عمدہ و بہترین سروسز کی فراہمی یقینی ہو۔ ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے اتوار چھٹی کے روز اہم اجلاس کی صدارت کرکے شہر بھر کا دورہ کیا اور واسا کے جاری پراجیکٹس پر عملدرآمد اور مستقبل کی پلاننگ کا جائزہ لیا۔ایم ڈی واسا ثاقب رضا نے پراجیکٹس پر عملدرآمد کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ سید نوید اقبال اور واسا کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔اجلاس میں افسران نے ڈپٹی کمشنر کو واسا کی حدود میں قائم روڈ سائیڈ ڈرین،سیور لائینز،نشیبی علاقوں کی سکیموں سے آگاہ گیا۔ڈپٹی کمشنر نے جیل روڈ،ملت روڈ،ریاض شاہد چوک،شیخوپورہ روڈ،اکبر چوک،سمندری روڈ،مقبول روڈ،سرفراز کالونی سمیت دیگر علاقوں کا دورہ کیااور روڈ سائیڈ ڈرین،ڈسپوزل اسٹیشنز اور گرائونڈ سٹوریج ٹینک کی تعمیر کے لئے کی گئی منصوبہ بندی کا جائزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ مجوزہ مقامات پر واسا کی لائننگ سے نشیبی مقامات پر بارشی پانی کی تیز رفتار نکاسی سے شہریوں کو ریلیف ملے گا۔




