فیصل آباد (ایجوکیشن رپورٹر) پنجاب کے سیکرٹری سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی زیر قیادت سی ای اوز کانفرنس اکتوبر 2026منعقد ہوئی، جس میں پنجاب بھر کے ضلعی تعلیمی افسران نے شرکت کی۔ کانفرنس میں جاری تعلیمی اصلاحات، پالیسیوں پر عملدرآمد، ضلعی سطح پر انتظامی امور اور سرکاری تعلیمی نظام کو مزید موثر بنانے کے حوالے سے اہم امور کا جائزہ لیا گیا۔سیکرٹری سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے ضلعی انتظامیہ میں موثر قیادت، ٹیم ورک اور مشترکہ ذمہ داری کو یقینی بنانے، مانیٹرنگ و احتساب کے نظام کو مضبوط بنانے اور محکمانہ پالیسیوں پر بروقت عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا۔اجلاس میں یونیفائیڈ مانیٹرنگ ایپ کے استعمال، جاری تعمیراتی کاموں کے دوران حفاظتی اقدامات، طلبہ کے تعلیمی نتائج میں بہتری اور سکولوں کے انتظامی نظام کو مزید مضبوط بنانے پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔کانفرنس میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ معاشرے کے مختلف سماجی و معاشی طبقات سے تعلق رکھنے والے بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں۔ فیلڈ افسران سے عملی صورتحال اور زمینی حقائق سے متعلق تجاویز اور آرا بھی لی گئیں تاکہ تعلیمی اصلاحات کو محض پالیسی دستاویزات تک محدود رکھنے کے بجائے سکول کی سطح پر عملی اور بامعنی بہتری میں تبدیل کیا جا سکے۔




