کراچی (شوبز نیوز) پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اور باصلاحیت اداکارہ نادیہ افگن نے انکشاف کیا کہ ان کے والد کی شادی سے متعلق پیشگوئی درست ثابت ہوئی، مگر مشکل وقت میں انہی کے سہارے وہ اس رشتے سے نکل کر آگے بڑھ سکیں۔حال ہی میں وہ آمنہ حیدر عیسانی کے یوٹیوب شو میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے اپنی ذاتی زندگی کے ایک حساس پہلو پر کھل کر بات کی۔اداکارہ نے بتایا کہ ان کے والد بڑے دور اندیش تھے اور انہوں نے انہیں پہلی شادی سے پہلے ہی خبردار کر دیا تھا کہ یہ رشتہ زیادہ دیر نہیں چل پائے گا۔ان کے مطابق والد نے کہا تھا کہ تم دونوں ایک دوسرے سے بہت مختلف ہو اور کوئی بھی باپ اپنی اولاد کے لیے ہمیشہ بہتر ہی سوچتا ہے۔نادیہ افگن نے مزید بتایا کہ شادی کے موقع پر جب ان کی بارات لاہور سے راولپنڈی آئی تھی تب بھی ان کے والد نے انہیں کہا کہ ابھی بھی وقت ہیمہمانوں کو کھانا کھلا کر واپس بھیج دو۔بقول نادیہ والد نے زور دیا کہ اگر تم چاہو تو یہ فیصلہ بدل سکتی ہو اور گھر والے اس بات پر ناراض نہیں ہوں گے۔ تاہم، انہوں نے اپنے والد کی بات نہ مانی اور کہا کہ سب کچھ ٹھیک ہو جائے گا۔اداکارہ کے مطابق، شادی کے چند ماہ بعد ہی انہیں احساس ہو گیا تھا کہ ان کے والد کی بات درست تھی، مگر اس کے باوجود انہوں نے رشتہ نبھانے کی کوشش کی۔ ایک سال تک حالات بہتر نہ ہوئے تو آخرکار انہوں نے علیحدگی کا فیصلہ کر لیا۔اس مشکل وقت میں ان کے والد نے ان کا بھرپور ساتھ دیا۔




