شہریوں کو فوری انصاف کی فراہمی پولیس کی اولین ترجیح ہے،آر پی او

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق شہریوں کو فوری اور بلاامتیاز انصاف کی فراہمی کے سلسلے میں ریجنل پولیس آفس فیصل آباد میں آر پی او سہیل اختر سکھیرا نے کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ جہاں شہریوں نے براہِ راست اپنے مسائل اور درخواستیں پیش کیں۔کھلی کچہری میں 200سے زائد سائلین نے شرکت کی۔ آر پی او نے تمام درخواستگزاروں کے موقف کو تفصیل سے سنا اور72 درخواستوں پر موقع پر ہی داد رسی کرتے ہوئے فوری احکامات جاری کیے جبکہ باقی درخواستیں مزید انکوائری کے لیے متعلقہ افسران کو بھجوا کر مقررہ وقت میں رپورٹس پیش کرنے کی ہدایت کی۔اس موقع پر آر پی او سہیل اختر سکھیرا نے کہا کہ شہریوں کو فوری انصاف کی فراہمی، ان کے جان و مال کا تحفظ اور بروقت داد رسی پولیس کی اولین ترجیحات ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں سے بدسلوکی، مقدمات کے اندراج میں غیر ضروری تاخیر اور فرائض میں غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور اس حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔مزیدآر پی او فیصل آبادنے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ مقدمات کی تفتیش مکمل شفافیت اور میرٹ پر کی جائے، کسی بھی قسم کے دبا یا اثر و رسوخ کو خاطر میں نہ لایا جائے، اور تمام درخواستوں پر مقررہ مدت کے اندر قانون کے مطابق کارروائی مکمل کر کے رپورٹس پیش کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ کھلی کچہریوں کا بنیادی مقصد عام شہریوں، بالخصوص محروم اور کمزور طبقات، کو ان کی دہلیز پر فوری، شفاف اور موثر انصاف فراہم کرنا اور پولیس پر عوام کے اعتماد کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں