طلبہ کو ”رٹا سسٹم ”سے نکال کر ان کی صلاحیتوں کو نکھارا جائے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) دی یونیورسٹی آف فیصل آباد کے سنٹر آف ایگزیکٹو لرننگ اور کوالٹی انہانسمنٹ سیل نے ایچ ای سی کے تعاون سے نیشنل ہائیر ایجوکیشن لیڈرشپ انگیجمنٹ سیریز آن پی ایس جی 2023کانفرنس کا انعقاد کیا۔ ملک بھر کی یونیورسٹیوں میں ایجوکیشن کوالٹی اشورینس کو بہتر بنانے کیلئے ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے پی ایس جی 2023کے نام سے قواعد، اصول، معیار اور ہدایات تیار کیں ہیں جسے ماہرین تعلیم کے سامنے وضع کرنے کے لئے دی یونیورسٹی آف فیصل آباد میں کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ افتتاحی سیشن میں یونیورسٹی کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر اما ن اللہ ملک نے تمام شرکا کو خوش آمدیدکہا اور تقریب کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔ اس میں مختلف یونیورسٹیوں کے اہم عہدیداران نے شرکت کرتے ہوئے مقررین سے رہنمائی حاصل کی۔ اس اہم پروگرام میں ایچ ای سی کے ڈائریکٹر جنرل کوالٹی اشورنس ناصر شاہ، ڈپٹی ڈائریکٹر زکوالٹی اشورنس واجد علی اور آغا رضا اورکوالٹی کوارڈینیٹر شرجیل رونالڈ نے ملک بھر کی 25مختلف یونیورسٹیوں سے وائس چانسلرز، ڈینز ، رجسٹرارز سمیت 70سے زائد عہدیداران کو آگاہی فراہم کی۔ اپنے خطابات میں ایچ ای سی کے ما ہرین کا کہنا تھا کہ طلبہ کو رٹا سسٹم سے باہر نکال کر انکی صلاحیتوں کو نکھارا جائے، تعلیم کے دوران ہی متعلقہ شعبہ جات کے اسٹیک ہولڈرز کے تعاون سے طلبا کو عملی میدان میں رہنمائی دلائی جائے تاکہ اس کے مستقبل کو روشن بنایا جاسکے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ایس جی 2023 برٹش کونسل کے تعاون سے یو کے کی مشترکہ کاوشوں کی مرہون منت ہے۔اس سے ملک اعلی تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ ڈائریکٹر جنرل کوالٹی اشورنس ناصر شاہ نے ایچ ای سی کی جانب سے انڈسٹری اکیڈیمیا لنکجز کے موضوع پر ایک نیشنل کانفرنس دی یونیورسٹی آف فیصل آباد میں ہی منعقد کروانے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس اہم پروگرام کے کامیاب ا انعقاد اور میزبانی پر دی یونیورسٹی آف فیصل آباد کی مینجمنٹ بالخصوص وائس چیئرمین بورڈ آف گورنرز ڈاکٹر حمزہ امین کا شکریہ ادا کیا ۔شرکا نے ایچ ای سی کی کاوش کو بہترین اقدام قرار دیا۔ شرکا کا کہنا تھا کہ ایچ ای سی کی جانب طلبا کو جدید تعلیم کی فراہمی اور روشن مستقبل کی راہیں ہموار کرنے کی یہ تقریب ایک بہترین کاوش ہے۔ ڈاکٹر حمزہ امین نے مہانان کو یونیورسٹی کی اعزازی شیلڈز پیش کیں۔ رجسٹرار ڈاکٹر زاہدہ مقبول نے اختتامی تقریب کے دوران مہمانوں اور شرکا کا شکریہ ادا کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں