فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کمشنر فیصل آباد عمران حامد شیخ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق ڈویژن میں عوامی خدمت کا اعلیٰ ترین معیار قائم کرنا اولین ترجیح ہے اس مقصد کے لئے اضلاع اور تحصیلوں کے دوروں کا شیڈول مرتب کیا جارہا ہے تاکہ نچلی سطح پر پہنچ کر شہریوں سے ملاقات اور انکے مسائل ہر ممکن حد تک حل ہوسکیں۔ انہوں نے یہ بات کمشنر آفس کے افسران سے میٹنگ کرتے ہوئے کہی۔کمشنر نے کہا کہ افسران اپنے دفاتر کے دروازے سائلین کے لئے کھلے رکھیں اور ان کے مسائل کو حل کرنا معمول ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ درخواست گزاروں کو پیچیدگیوں میں ڈالنے کی بجائے ان کو ریلیف فراہم کیا جائے تاکہ سرکاری دفاتر پر عوامی اعتماد مزید مضبوط ہو۔کمشنر نے ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ سے کہا کہ عوامی بہبود کے ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرایا جائے اس ضمن میں شفافیت کو ہر قیمت پر ملحوظ خاطر رکھیں اور اگر کسی جگہ کوئی انتظامی مسئلہ درپیش ہو تو فوری نوٹس میں لائیں تاکہ بروقت اقدامات یقینی بنائے جاسکیں۔انہوں نے چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن کو شہری سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کا ٹاسک تفویض کیا اور کہا کہ سٹریٹ لائٹس سو فیصد روشن،سڑکوں و اندرونی گلیوں کی مرمت و بحالی اور میونسپل سروسز کی فراہمی میں تعطل نہیں آنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ سروسز کا معیار عوامی توقعات سے بڑھ کر ہونا چاہیے۔انہوں نے محکمہ مال کو مختلف مدات میں ریکوریز کے اہداف باقاعدگی سے حاصل کرنے کی بھی تاکید کی۔انہوں نے افسران سے کہا کہ فیلڈ میں نکلیں اور شہریوں کو ہر شعبہ میں ریلیف کی فراہمی کے لئے تندہی سے فرائض انجام دیں۔انہوں نے کہا کہ مشترکہ کاوشوں اور ٹیم ورک سے فیصل آباد کو معیار کے لحاظ سے صوبہ کا بہترین ڈویژن بنانا ہے جس کے لئے کوششوں میں نرمی نہیں آنی چاہیے۔ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن تنویر مرتضی،ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ آصف اقبال چوہان،ایڈیشنل کمشنر کنسالیڈیشن افضل تارڑ،چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن عثمان غنی،اسسٹنٹ کمشنر جنرل عطیہ عنایت اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔




