ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار)وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر دریائے راوی کی سیلابی صورتحال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ ٹوبہ ٹیک سنگھ ہائی الرٹ ہے۔ ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو کی نگرانی میں ریسکیو اور ریلیف سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں۔ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو نے کمالیہ کے مل فتیانہ پل کا دورہ کیا جہاں اسسٹنٹ کمشنر کمالیہ اقراء ناصر اور صدف اکبر نے انہیں سیلابی صورتحال پر تفصیلی آگاہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے متاثرین سیلاب سے ملاقات کر کے انکے مسائل اور انتظامات دریافت کیے۔بعد از ا ں ڈپٹی کمشنر نے پیر محل کے علاقے مائی صفوراں کا بھی دورہ کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر پیر محل ذوالفقار صابر اور منور حسین نے انہیں علاقے کی صورتحال اور انتظامات پر بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو نے بریچنگ پوائنٹ کا بھی معائنہ کیا، اس موقع پر کرنل حمزہ اور میجر آریب بھی ان کے ہمراہ تھے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہنگامی حالات میں نکاسو بند پر کٹ لگایا جا سکتا ہے اور اس صورت میں متاثرہ دیہاتوں میں ریلیف آپریشن کی حکمت عملی پہلے ہی تیار کر لی گئی ہے۔ کٹ لگانے کی صورت میں متاثر ہونے والے دیہاتوں کے شہریوں کو پیشگی محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے تمام اداروں کو ہنگامی حالات کے لیے ہمہ وقت تیار رہنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی جاری ہے۔




