فلم انڈسٹری میں بڑا خلاء پیدا ہو گیا ہے۔ غلام محی الدین

لاہور( شوبز نیوز) سینئر اداکار غلام محی الدین نے کہا ہے کہ پاکستان فلم انڈسٹری کی زبوں حالی کی کئی وجوہات ہیں، اگر اسے دوبارہ عروج پر لانا ہے تو نئی نسل کی پسند کو مدنظر رکھتے ہوئے اسکرپٹ اور موسیقی ترتیب دینا ہوگی۔ایک انٹرویو میں غلام محی الدین نے کہا کہ فلم انڈسٹری کے لیے یہ ایک بڑا المیہ ہے کہ اس کے عروج کے بعد 15 سے 20 برسوں کے دوران متعدد نامور پروڈیوسرز، ہدایتکار، رائٹرز ،شاعر اور کوریوگرافر اس دنیا سے رخصت ہو گئے۔ آج ہمارے پاس غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل کیمرہ مین بھی نہ ہونے کے برابر ہیں۔کسی بھی فلم کی کامیابی میں مضبوط اسکرپٹ اور معیاری موسیقی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب تجربہ کار لکھنے والے اور فلمساز ہی موجود نہیں رہے تو معیاری فلمیں کون لکھے گا اور کون بنائے گا۔ فلم انڈسٹری میں سیکنڈ لائن تیار نہ ہونے کے باعث ایک بڑا خلا ء پیدا ہو گیا ہے۔غلام محی الدین نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ جو سینئر اور تجربہ کار لوگ اب بھی انڈسٹری میں موجود ہیں انہیں آن بورڈ لیا جائے اور ان کی صلاحیتوں اور تجربے سے بھرپور استفادہ کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں