فوڈ اتھارٹی ٹیموں کا مضر صحت دودھ تیار کرنیوالے یونٹ پر چھاپہ

کمالیہ(نامہ نگار)ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی ہدایات پر فوڈ سیفٹی ٹیمز کی کمالیہ میں بڑے پیمانے پر کارروائیاں جاری ہیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر محمد یاسر مشتاق کی سربراہی میں ٹیم نے جعلی دودھ بنانے والے ایک یونٹ پر چھاپہ مارا، جہاں سے ملاوٹی دودھ، ملک پاڈر، کوکنگ آئل اور دیگر اشیا برآمد کی گئیں۔ موقع پر جعلی دودھ نما محلول تلف کر دیا گیا جبکہ نمونے لیبارٹری تجزیہ کے لیے بھیج دیے گئے ۔فوڈ سیفٹی ٹیمز نے علی الصبح شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سخت ناکہ بندی کے دوران دودھ بردار گاڑیوں اور مختلف ملک شاپس کی چیکنگ کی ۔ اس دوران 150 لٹر سے زائد ملاوٹی دودھ تلف اور متعدد دکانداروں پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے ۔ لیبارٹری ٹیسٹ میں تلف شدہ دودھ میں پانی کی ملاوٹ اور فیٹ کی کمی پائی گئی۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ دودھ کو جدید ترین لیکٹوسکین مشین کے ذریعے ٹیسٹ کیا گیا، جس سے ملاوٹ واضح طور پر ثابت ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ دودھ ہماری بنیادی غذا ہے ، اس میں ملاوٹ کرنے والے عوام کی صحت کے دشمن ہیں اور ان کے خلاف بلا امتیاز سخت کارروائی جاری رہے گی۔ معیاری اشیا کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ملاوٹی اور ناقص دودھ کا استعمال متعدد خطرناک بیماریوں کا باعث بن سکتا ہے ، اس لیے عوام کو چاہیے کہ معیاری دودھ کے استعمال کو یقینی بنائیں۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق پنجاب کے عوام تک محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی کے لیے ایسی کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں