فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) نے چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر محمد عامر کی زیر قیادت، جامع حکمت عملی، بہترین انتظامی اقدامات اور فیلڈ افسران و ملازمین کی انتھک محنت کے نتیجے میں مالی سال 2025-26کے دوران بجلی کی تقسیم، لائن لاسز میں کمی، ریکوری اور مالی نظم و ضبط کے شعبوں میں نمایاں اور ریکارڈ ساز کامیابیاں حاصل کرتے ہوئے نیپرا کے مقرر کردہ اہداف کو حاصل کیا۔ فیسکو نے نیپرا کی جانب سے مقرر کردہ 8.03 فیصد لائن لاسز کے ہدف کے مقابلے میں 7.87 فیصد لائن لاسز کم کر کے مقررہ ہدف کامیابی سے پورا کیا۔ مزید برآں گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں لائن لاسز میں 1.02 فیصد کی نمایاں کمی ریکارڈ کی جو بہترین آپریشنل حکمت عملی اورلائن لاسزکی روک تھام کے لیے کیے گئے عملی اقدامات کا واضح ثبوت ہے۔اسی طرحAT&C لاسز کو 8.55 فیصد سے کم کر کے7.51 فیصد کی سطح تک لایاگیا جس کے نتیجے میں 1.04 فیصد کی ریکارڈ کمی ہوئی۔ یہ کامیابی ادارے کی انتظامی صلاحیت، بجلی چوری کی روک تھام، تقسیمی نظام میں بہتری اور ریکوری کے مربوط اقدامات کی عکاس ہے۔ریکوری کے شعبے میں بھی فیسکو نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 100.39 فیصد پروگریسو ریکوری حاصل کر کے نیپرا کا مقررہ ہدف کامیابی سے پورا کیا، جبکہ108.59 فیصد ماہانہ ریکوری حاصل کر کے ایک اور اہم سنگ میل عبور کیا۔ یہ شاندار نتائج اس امر کی نشاندہی کرتے ہیں کہ فیسکو نے صارفین کی شکایات کے بروقت ازالے، موثر بلنگ، واجبات کی وصولی اور مالیاتی نظم و ضبط کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھا۔مالی نظم و نسق کے میدان میں بھی فیسکونے قابل تحسین کامیابی حاصل کرتے ہوئے مجموعی طور پر3.20 ارب روپے کی اضافی آمدن حاصل کی جس سے نہ صرف ادارے کی مالی پوزیشن مزید مستحکم ہوئی بلکہ سرکلر ڈیٹ میں بھی نمایاں کمی لانے میں اہم کردار ادا کیا گیا۔ یہ کامیابی قومی معیشت اور توانائی کے شعبے کے استحکام کے لیے بھی ایک مثبت پیش ثابت ہو گی۔شاندار کارکردگی دکھانے پر فیسکو چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر محمد عامر نے فیسکو کی پوری مینجمنٹ، تمام چیف انجینئرز، سپرنٹنڈنگ انجینئرز، ایگزیکٹو انجینئرز، افسران، ملازمین اور فیلڈ اسٹاف کو دلی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابیاں اجتماعی ٹیم ورک، پیشہ ورانہ صلاحیت، شفاف انتظامی پالیسیوں، موثر نگرانی اور تمام ملازمین کی شبانہ روز محنت کا نتیجہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ فیسکو کی اولین ترجیح صارفین کو معیاری، محفوظ اور بلا تعطل بجلی کی فراہمی، بجلی کے نقصانات میں مزید کمی، ریکوری میں مسلسل بہتری اور ادارے کی مالی کارکردگی کو مزید مستحکم بنانا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مالی سال 2026-27 میں بھی فیسکو اپنی بہترین روایات کو برقرار رکھتے ہوئے نیپرا کی طرف سے دیئے گئے اہداف حاصل کرے گی۔ انھوں نے کہا کہ ادارے کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر محمد عامر نے امید ظاہر کی کہ فیسکو کی پوری ٹیم آئندہ بھی اسی جذبے، دیانت داری اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ خدمات انجام دیتے ہوئے ادارے کو مزید کامیابیوں سے ہمکنار کرے گی اور قومی ترقی میں اپناموثر کردار ادا کرتی رہے گی۔




