قیام پاکستان کیلئے جانیں نثار کرنیوالوں کو قوم کبھی نہیں بھول سکتی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) یومِ آزادی کے موقع پر قومی امن اتحاد کونسل پاکستان کے زیرِ اہتمام ایک پر جوش اور پرامن ”جشنِ آزادی ریلی” کا انعقاد کیا گیا، جس میں عوام کی بڑی تعداد، نوجوان، طلبا، بزرگ، خواتین، اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔ ریلی کا مقصد پاکستان سے محبت، قومی یکجہتی، آزادی کی قدر اور ملکی اداروں کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا۔ریلی کا آغاز پبلک سیکرٹریٹ 33گ ب سے ہوا اور شہر کی اہم شاہراہوں سے ہوتی ہوئی ضلع کونسل چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔ شرکا نے قومی پرچم، بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر پاکستان سے محبت، امن، اتحاد، اور پاک فوج و ریاستی اداروں کے حق میں نعرے درج تھے۔ اس موقع پر چیئرمین علما و مشائخ قومی امن اتحاد کونسل پاکستان سید محمد طیب گیلانی نے خطاب کرتے ہوئے بانیان پاکستان اور شہدا پاکستان کو سلام عقیدت پیش کیا اورپاک فوج، پولیس، رینجرز، اور دیگر ریاستی اداروں کو خراجِ تحسین پیش کیا، جنہوں نے وطنِ عزیز کی حفاظت، استحکام اور دہشت گردی کے خلاف عظیم قربانیاں دیں۔”ہم آج جس آزادی کی فضا میں سانس لے رہے ہیں، اس کے پیچھے ہمارے بہادر سپاہیوں اور ریاستی اداروں کی بے مثال قربانیاں شامل ہیں۔ قوم ان ہیروز کو کبھی نہیں بھولے گی۔ملک پاکستان کے دشمن عناصر کو واضح کرنا چاہتے ہیں کہ جب تک عوام اداروں کے ساتھ کھڑی ہے تب تک پاکستان کی طرف اٹھنے والی بری نظر وں کا قلع قمع کر دیں گے، ریلی کے اختتام پر قومی ترانہ پڑھا گیا، شہدا پاکستان کے لیے دعا کی گئی، اور وطن کی سالمیت، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعائیں مانگی گئیں۔ قومی امن اتحاد کونسل پاکستان کے تمام عہدیداروں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ آئندہ بھی ایسے مثبت، قومی و ملی یکجہتی کے پیغامات پر مبنی پروگرامز کا انعقاد کرتی رہے گی تاکہ نئی نسل کو اپنے ماضی، قربانیوں، اور آزادی کی اہمیت سے آگاہی حاصل ہو۔اس موقع پر کوآرڈینیٹر پاکستان رانا محمد اجمل، چیئرمین پنجاب میاں محمد جمیل، جنرل سیکرٹری پنجاب محمد ذیشان تتلہ، میڈیا ڈائریکٹر محمد بلال حیدر اور قومی امن اتحاد کونسل پاکستان کے دیگر عہدیداران نے بھی ریلی میں بھرپور شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں