میانوالی(نامہ نگار)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شمالی وزیرستان میں خوارجی دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے میجر احسان کی رہائش گاہ کا دورہ کیا اور ان کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر داخلہ نے میانوالی میں شہید کے گھر جا کر ان کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر انہوں نے شہید میجر احسان کے والد سے ملاقات کی اور ان کے بلند حوصلے اور حب الوطنی کے بے مثال جذبے کو خراج تحسین پیش کیا۔ محسن نقوی نے شہید کے بچوں سے بھی خصوصی شفقت کا اظہار کیا اور انہیں گلے لگا کر دلاسہ دیا۔اہل خانہ سے گفتگو اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی نے مادر وطن کے دفاع کے لیے دی گئی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہید میجر احسان کا عزم اور جذبہ ہی ہماری قوم کی اصل قوت ہے، شہید میجر احسان سمیت ہمارے تمام شہدا کے خون کا ایک ایک قطرہ اس وطن کے تحفظ اور بقا کی ضمانت ہے۔انہوں نے کہا کہ میجر احسان نے مادر وطن کی خاطر اپنی قیمتی جان کا نذرانہ پیش کر کے شہادت کا وہ بلند رتبہ پایا ہے جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔ انہوںنے کہاکہ ملک کی خاطر جان نچھاور کرنے والے شہید میجر احسان ہمیشہ ہمارے دلوں اور تاریخ میں زندہ رہیں گے۔




