فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) بین مسالک رواداری کونسل پاکستان کے مرکزی چیئرمین آستانہ عالیہ محدث ا عظم پاکستان کے سجادہ نشین، صاحبزادہ پیر قاضی محمد فیض رسول حیدر رضوی نے موجودہ ملکی حالات و بین الاقوامی تناظر پر اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان اس وقت اندرونی اور بیرونی سطح پر متعدد چیلنجز اور حساس حالات سے گزر رہا ہے۔ ایسے حالات میں تمام مسا لک کا باہمی اتحاد، رواداری اور ملکی سلامتی کے لیے یکجہتی وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ چیئرمین بین المسالک رواداری کونسل نے زور دیتے ہوئے کہا کہ وطنِ عزیز کو درپیش معاشی و انتظامی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سیاسی استحکام و معاشرتی امن اور بین المسالک ہم آہنگی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا: “اسلام نے ہمیشہ امن، سلامتی اور احترامِ انسانیت کا درس دیاہے۔ تمام مسالک کے علما و مشائخ پر یہ بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ منبر و محراب سے محبت، رواداری اور یکجہتی کے پیغام کو عام کریں اور شرپسند عناصر کی سازشوں کو ناکام بنائیں۔” انہوں نے مزید کہا کہ ملک دشمن عناصر پاکستان کی بنیادوں کو کمزور کرنے کے لیے فرقہ وارانہ ہوائیں چلانے کی کوشش کرتے ہیں، لیکن بین المسالک رواداری کونسل تمام مکاتبِ فکر کو ایک پیج پر لا کر امن اور استحکامِ پاکستان کے دفاع کا فریضہ سرانجام دیتی رہے گی۔




