فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) لیبر ایکشن کمیٹی فیصل آباد کے زیر اہتمام تمام بڑی مزدور تنظیموں کے قائدین نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک اس وقت شدید صنعتی بحران، بڑھتی ہوئی بے روزگاری، مہنگائی اور مزدور دشمن معاشی پالیسیوں کا شکار ہے، جبکہ حالیہ وفاقی و صوبائی بجٹ میں محنت کش طبقے کو نظر انداز کیا گیا ہے۔مزدور رہنمائوں نے کہا کہ حکومتی دعوے زمینی حقائق سے مطابقت نہیں رکھتے، کیونکہ ایک جانب فیصل آباد سمیت ملک بھر میں ٹیکسٹائل، پاور لوم اور دیگر صنعتیں بحران کا شکار ہیں، جبکہ دوسری جانب لاکھوں مزدور روزگار سے محروم ہو کر شدید معاشی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔پریس کانفرنس سے پاکستان لیبر قومی موومنٹ کے بابا عبد الطیف، رانا ریاض، فیصل آباد لیبر فیڈریشن کے میاں شہباز احمد، افضل اعوان، لیبر قومی موومنٹ پاکستان رجسٹرڈ کے میاں منور قیوم، اجمل عرفانی، فضل الہٰی، ملک نذیر احمد، نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے میاں اعجاز حسین، احسان الٰہی ظہیر، نیشنل پارٹی کے رانا عظیم، منور منج، عاطف بٹ، رانا شفیق، سانجھ فیصل آباد کے ساجد اقبال صفدر، زاہد بھٹی، رانا شبیر، پاور لوم ورکرز یونین ویسٹ کے محمد اشرف، یاسین انقلابی، عارف ایاز، مزدور کسان ورکرز یونین کے عبدالمناف، الحرم ٹیکسٹائل ورکرز یونین کے ملک اسلم اعوان، پاور لوم اینڈ گارمنٹ ورکرز یونین پنجاب کے اسلم معراج، محمد ارقم سمیت دیگر رہنمائوں نے خطاب کیا۔مزدور رہنمائوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی نے محنت کش طبقے کی قوت خرید ختم کر دی ہے، جبکہ اجرتوں میں خاطر خواہ اضافہ نہ ہونے کے باعث مزدور خاندان مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ بجٹ میں روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے، صنعتوں کی بحالی، کم از کم اجرت پر عملدرآمد، سوشل سکیورٹی، اولڈ ایج بینیفٹس، صحت، تعلیم اور رہائش جیسے بنیادی مزدور حقوق کے لیے مثر اقدامات نظر نہیں آتے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ بند صنعتوں کی فوری بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں، بجلی، گیس اور دیگر پیداواری اخراجات میں کمی کی جائے، تمام مزدوروں کو باعزت روزگار فراہم کیا جائے، کم از کم اجرت پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے، ٹھیکیداری نظام کا خاتمہ کیا جائے اور محنت کش طبقے کے لیے خصوصی ریلیف پیکیج کا اعلان کیا جائے۔لیبر رہنمائوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے صنعتوں کی بحالی، بے روزگاری کے خاتمے، مہنگائی پر قابو پانے اور مزدوروں کے جائز مطالبات تسلیم نہ کیے تو لیبر ایکشن کمیٹی فیصل آباد کی تمام مزدور تنظیموں کے ساتھ ملں کر بھرپور احتجاجی تحریک شروع کرے گی، جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔پریس کانفرنس کے اختتام پر مزدور رہنمائوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مزدور حقوق کے تحفظ، صنعتوں کی بحالی، روزگار کے تحفظ اور مہنگائی کے خاتمے کے لیے متحدہ جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔




