موسم گرما کی تعطیلات 31اگست تک بڑھانے کا فیصلہ واپس لیا جائے

ٹھیکریوالہ (نامہ نگار) پرائیویٹ سکولز فورم پنجاب کے عہدیداران نے پنجاب میں تعلیمی اداروں کی طویل اور غیر ضروری بندش کو بچوں کے مستقبل کے لیے نقصان دہ قرار دیتے ہوئے حکومت سے فوری طور پر فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ زائد تعطیلات دے کر طلبہ کو تعلیم سے دانستہ طور پر دور کیا جا رہا ہے، جس سے نہ صرف وقت ضائع ہو رہا ہے بلکہ تعلیمی معیار بھی شدید متاثر ہو رہا ہے۔عہدیداران رانا شاہد مقرب، چوہدری ندیم سندھو، میاں ندیم شہزاد، چوہدری گلزار حسین، رانا خلیل احمد، سید ابرار حسین شاہ، حاجی جاوید اقبال، شیخ غلام سرور، رانا محمد اسامہ اسلم، وارث عطاری، جاوید اقبال عطاری، ملک طارق، عارف سندھو اور دیگر نے کہا ہے کہ صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات اپنی خامیوں کو چھپانے کے لیے پرانے حربے استعمال کر رہے ہیں اور غیر سنجیدہ تجربات سے تعلیم اور سکولز کا بیڑہ غرق کیا جا رہا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ سرکاری سکولز میں پہلے ہی اساتذہ کی عزت و وقار کو مجروح کیا جا چکا ہے اور اب نجی تعلیمی اداروں کو بدنام کرنے کی منظم کوششیں کی جا رہی ہیں۔ رہنمائوں نے واضح کیا کہ حکومت کے پاس اپنے بچوں کو ہوم ٹیوشن دلوانے کی گنجائش ہے مگر غریب عوام تعلیمی اخراجات برداشت کرنے کی سکت کھو چکے ہیں۔پرائیویٹ سکولز فورم نے زور دیا کہ پنجاب حکومت سکولز بند رکھنے کا فیصلہ فوری طور پر واپس لے تاکہ طلبہ کا تعلیمی سلسلہ بغیر رکاوٹ جاری رہ سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں