فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے کہا کہ مون سون موسم کے باعث ایف ڈی اے کے زیر کنٹرول رہائشی کالونیوں اور کمرشل مارکیٹس میں زیر تعمیر عمارتوں میں خصوصی حفاظتی تدابیر اختیار کی جائیں، خصوصا ایسے عمارتی منصوبوں میں جہاں بیسمنٹ کی تعمیر کی جا رہی تو وہاں ممکنہ شدید بارشوں کی وجہ سے زمین کی کھدائی فوری روک دی جائے۔ انہوں نے ایریا انسپکٹرز کو ہدایت کی کہ وہ کڑی مانیٹرنگ کا عمل جاری رکھیں اور حفاظتی انتظامات کوہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔ وہ ایک اجلاس کے دوران مون سون کے حوالے سے زیر تعمیر عمارتوں کے امور کا جائزہ لے رہے تھے۔اجلاس میں ڈائریکٹرز اسما محسن، جنید حسن منج، سہیل مقصود پنوں، افنان سعید سندھو و دیگر افسران موجود تھے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے زیر تعمیر عمارات کے مالکان، بلڈرز، کنسلٹنٹ، آرکٹیکٹ، سٹرکچر انجینئر، سپروائزنگ انجینئر کو مطلع کرتے ہوئے کہا کہ تعمیراتی مقامات پر گہری کھدائی کے دوران اردگرد کی زمین کو محفوظ بنانے کے لیے مناسب شٹرنگ اور سپورٹنگ سسٹم استعمال کیا جائے، حفاظتی باڑ اور واضح انتباہی بورڈ آویزاں کیے جائیں جبکہ کھدائی کے دوران اردگرد موجود عمارتوں اور بنیادی ڈھانچے کے تحفظ کے لیے تمام ضروری تکنیکی اقدامات اختیار کیے جائیں، تعمیر کے دوران تمام حفاظتی اصولوں اور انسانی جان و مال کے تحفظ کی سہولتوں کو برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعمیراتی سرگرمیوں کے دوران غیر متعلقہ افراد، خصوصا بچوں کو سائٹ سے دور رکھا جائے، حفاظتی سامان کے استعمال کو یقینی بنایا جائے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ اداروں سے رابطہ کیا جائے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے خبردار کیا کہ بلڈنگ لاز اور ان سرکاری احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے کی صورت میں ایف ڈی اے کی طرف سے قصورواروں کے خلاف فوجداری مقدمہ درج، املاک کو سربمہر، بلڈنگ پلان منسوخ اور بھاری جرمانہ بھی کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے شہریوں سے کہا ہے کہ اگر کسی زیر تعمیر عمارت پر حفاظتی انتظامات ناکافی ہوں یا انسانی جانوں کے لیے خطرہ محسوس ہو تو فوری طور پر ایف ڈی اے کو مطلع کریں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔




