مہر یوسف نے ہمیشہ سبزی منڈی کے تاجروں کے مفادات کو مقدم رکھا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سبزی منڈی کے سالانہ انتخابات کے سلسلے میں معروف تاجر رہنما مہر یوسف مست کی حمایت میں ایک شاندار انتخابی تقریب منعقد ہوئی، جس میں سبزی و فروٹ منڈی سے وابستہ تاجروں، آڑھتیوں اور مختلف کاروباری شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب انتخابی جوش و خروش کا منظر پیش کر رہی تھی، جہاں مقررین نے مہر یوسف مست کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں آئندہ انتخابات میں کامیاب بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔تقریب سے میاں آصف اسلم، حاجی محمد مرتضیٰ، انعام مصطفی، احتشام مصطفی، افتخار بھولا، چوہدری شکور گجر، ملک محمد حسین، حق بابو گروپ، خیریت گجر، گڈا پہلوان، وسیم شہباز، ندیم اسلام، چوہدری غلام مرتضی، حمید لہسن والے، صدیق مہر، چوہدری اکرم کمبوہ اور عالم خان سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیا۔مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ مہر یوسف مست نے ہمیشہ سبزی منڈی کے تاجروں کے اجتماعی مفادات کو مقدم رکھا، تاجروں کے مسائل کے حل کے لیے ہر فورم پر موثر آواز بلند کی اور منڈی میں بہتر انتظامی نظام، سہولیات کی فراہمی اور تاجروں کے اتحاد کے فروغ کے لیے قابل قدر خدمات انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کو ایسے مخلص، دیانت دار اور باصلاحیت نمائندوں کی ضرورت ہے جو ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر سب کے حقوق کے لیے جدوجہد کریں۔مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سبزی منڈی کے تمام تاجر متحد ہو کر مہر یوسف مست کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں گے تاکہ وہ آئندہ بھی منڈی کی ترقی، تاجروں کے مسائل کے حل، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور کاروباری ماحول کو مزید بہتر بنانے کے لیے اپنا موثر کردار ادا کر سکیں۔اس موقع پر مہر یوسف مست نے شرکا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تاجروں نے ہمیشہ ان پر اعتماد کیا ہے اور وہ اس اعتماد کو اپنی سب سے بڑی ذمہ داری سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کامیابی کے بعد سبزی منڈی کے مسائل کے مستقل حل، تاجروں کے حقوق کے تحفظ، باہمی اتحاد کے فروغ اور منڈی کی ترقی کے لیے پہلے سے زیادہ جذبے، دیانت داری اور اخلاص کے ساتھ خدمات انجام دیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں